تقریب یوم ترغیب مطالعہ میں صدر مدرس مشتاق کریمی کا اظہارِ خیال، بچوں میں رسالوں کی تقسیم
جلگاؤں : مطالعہ روح کی غذا اور درد کی دوا ہے. اس سے ذہن کو نئ سوچ اور تخیل ملتا ہے. جس طرح پیٹ کی تسکین کے لیے غذا کی ضرورت ہوتی ہے بالکل اسی طرح ذہن کی غذا مطالعہ ہے. ان زرین خیالات کا اظہار محمد طاہر پٹنی اردو ہائی اسکول پالدھی ضلع جلگاوں کے صدر مدرس مشتاق کریمی نے سابق صدر جمہوریہ اور میزائل مین ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب یوم ترغیب مطالعہ میں کیا.
اس تقریب میں کثیر تعداد میں طلبا و سرپرستوں نے کوووڈ 19 کے احتیاط کے ساتھ شرکت کی. جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے عمل میں آیا. اس موقع پر وسیم شیخ، حاجی یٰسین اور اقبال قریشی نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم و تربیت کو اولیت دینے نیز موبائل سے بچوں کو دور رکھنے کی تلقین کی. بچوں کے ذوق مطالعہ میں اضافہ کی غرض سے اس موقع پر انھیں رسائل کی تقسیم بھی عمل میں آئی. مشتاق کریمی نے مزید کہا کہ جب تک ہم اردو کو اپنے بجٹ کا حصہ نہیں بنائیں گے نیز بچوں کو کتابوں کے تحائف دینے کا رواج عام نہیں کریں گے.
تب تک ایک عمدہ معاشرہ کی تشکیل خواب ہی رہے گی. نظامت کے فرائض نعیم بسمہ اللہ نے ادا کیے جبکہ عقیل عزیز نے اظہارِ تشکر کا فریضہ انجام دیا. جلسہ کی کامیابی کے لیے ثمرین کلیم، روبینہ رسول ،چراغ قاضی اور ظہور دیشپانڈے نے محنت اٹھائی.