"نکاح کو آسان بنائیں" کی روشن مثال ,ساودہ کے شاہ خاندان نے سادگی سے کیا نکاح، فضول خرچ سے اجتناب
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 20, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) راویر تعلقہ کے گاؤں ساودہ کے مدینہ نگر میں حال ہی میں ایک سادہ، پُراثر اور بامقصد نکاح انجام پایا، جو "نکاح آسان کرو" مہم کا زندہ اور روشن نمونہ بن کر سامنے آیا۔شاہ خاندان کی بیٹی شِرین بی اور بھُوساول کے رہائشی ذاکر شاہ کے صاحبزادے عمران شاہ کا نکاح، صرف منگنی کے موقع پر ہی انجام دے دیا گیا اس مبارک موقع پر رسولِ اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے نہ کوئی بینڈ باجا، نہ جہیز، نہ فضول خرچیاں، بلکہ سراسر قرآن و سنت کی روشنی میں نکاح کی سعادت حاصل کی گئی۔خاندان کے بزرگوں اور دونوں طرف کے افراد کے باہمی مشورے سے یہ فیصلہ لیا گیا کہ منگنی کی تقریب کو ہی نکاح کی مجلس میں تبدیل کر دیا جائے، وہ بھی نہایت سادگی اور شرعی طریقے پر۔ اس موقع پر ماحول خوشگوار رہا اور دلوں میں اطمینان، آنکھوں میں خوشی کی چمک نمایاں تھی۔ اس تقریب میں شرکت کرنے والے افراد نہ صرف متاثر نظر آئے بلکہ خود کو ایک تاریخی فیصلے کا گواہ سمجھ کر فخر محسوس کرتے رہے۔تقریب میں شریک معزز افراد میں شامل تھے: حاجی رحیم شاہ، حاجی یونس شاہ، فیروز شاہ (جلگاؤں)، ظفر علی شاہ (مکتائی نگر)، عثمان شاہ (بھُوساول)، شریف شاہ مکینیکل، رضا شاہ، کلیم علی شاہ، فاروق علی شاہ (ساودہ)، اسلم شاہ (کیرالا)، یوسف شاہ اور فرید شیخ۔یہ نکاح صرف ایک شادی نہیں بلکہ سنتِ نبوی ﷺ کی عملی تصویر بن گیا ،آج کے دور کی غیر ضروری رسومات، دکھاوے، جہیز اور مالی بوجھ کے خلاف ایک جراتمندانہ اور قابلِ ستائش قدم۔شاہ خاندان کا واضح پیغام ہے نکاح کو آسان بنائیے، دین کو عام کیجیے، اور معاشرے کو راحت دیجیے۔