روہین کھیڑ ,، دو نابینا بھائیوں نے پندرہ ماہ میں قرآن حفظ کر کے نئی تاریخ رقم کی بریل طریقے سے ناظرہ و حفظ مکمل، ایک نشست میں مکمل قرآن سنانے کا شاندار کارنامہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 20, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اللہ تعالیٰ کا کلام قرآنِ مجید قیامت تک محفوظ رہے گا، اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری جس رب نے لی ہے، وہ زمانے کے ہر دور میں ایسے افراد پیدا فرماتا ہے جو اس کی کتاب کو سینوں میں محفوظ رکھتے ہیں۔
ایسا ہی روح پرور منظر ضلع بلڈانہ کے گاؤں روہین کھیڑ میں دیکھنے کو ملا، جہاں دو پیدائشی نابینا بھائیوں نے صرف پندرہ ماہ کی مدت میں مکمل قرآنِ کریم حفظ کر کے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری بستی کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ شیخ محمد کامران اور شیخ محمد عمران، جو کہ شیخ محمد عقیل کے فرزند ہیں — نے بریل نظام تعلیم کے تحت قرآن مجید پہلے ناظرہ مکمل کیا، پھر حفظ کا آغاز کیا، اور الحمدللہ کم وقت میں مکمل حفظ مکمل کر لیا۔ ان کی یہ غیرمعمولی کامیابی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ قرآن سیکھنے کے لیے بصارت نہیں، بصیرت کی ضرورت ہے۔ خصوصی طور پر شیخ محمد عمران نے مورخہ 17 جولائی 2025 کو وہ کارنامہ انجام دیا جو عام طلبہ کے لیے بھی کم مثال ہے۔
انہوں نے صبح چار بجے سے رات آٹھ بجے تک لگ اتار بیٹھ کر مکمل قرآنِ کریم زبانی سنایا،
جس پر اساتذہ، والدین اور اہلِ علاقہ کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئیں۔
ان دونوں بچوں کی کامیابی کے پیچھے ان کے والدین کی انتھک محنت، دعائیں اور اساتذہ کی مسلسل تربیت کارفرما رہی۔ شیخ محمد عقیل اور ان کی اہلیہ نے ان بچوں کی تربیت میں جو صبر، حوصلہ اور قربانی دی، وہ قابلِ ستائش ہے۔ ایسے میں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے گھر کو قرآن کی روشنی سے منور کر دیا۔
جمعیت علماء ہند بلڈانہ کی جانب سے مبارکباد
جمعیت علماء ہند ضلع بلڈانہ کے جنرل سیکریٹری اور ترجمان مولانا انصاری محمد ظل الرحمٰن اشاعتی نے ان دونوں حفاظ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: > "یہ واقعہ نہ صرف روہین کھیڑ کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے لیے خوشی و سعادت کا موقع ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دو نابینا بچوں کو قرآن جیسی عظیم کتاب حفظ کرنے کا شرف عطا کیا، جو اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ جسے چاہے، اپنے کلام کی خدمت کے لیے منتخب فرما لیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شیخ محمد کامران اور شیخ محمد عمران کو قرآن پر عمل کی توفیق عطا فرمائے، اور انہیں پوری زندگی قرآن کے نور سے منور رکھے۔
ساتھ ہی امتِ مسلمہ کو یہ پیغام بھی دیا کہ اگر نیت خالص ہو، تو جسمانی محرومیاں بھی راہ کی رکاوٹ نہیں بنتیں۔
روہین کھیڑ کے ان دو نابینا حافظ بھائیوں کی کامیابی دراصل اس پیغام کی تجدید ہے کہ قرآن ہر دل کے لیے ہے، اور جسے اللہ چاہے، وہی اس سعادت کا اہل بن جاتا ہے۔