ساجد خان پٹھان کا بال بھارتی کا خیر سگالی دورہ اردو زبان کے لیے تازہ امیدوں کا پیغام
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 07, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر میں اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے ایک اہم اور حوصلہ افزا لمحہ اُس وقت دیکھنے میں آیا،
جب اکولہ کے رکنِ اسمبلی اور اردو زبان کے مخلص حامی ساجد خان پٹھان نے ادارۂ نصابِ تعلیم مہاراشٹر (بال بھارتی) کے اردو شعبے کا ایک خیر سگالی دورہ کیا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع تھا کہ کسی عوامی نمائندے نے اردو زبان کے تعلیمی مسائل کو جاننے، سمجھنے اور سنوارنے کے مقصد سے بال بھارتی کا دورہ کیا ہو۔
انہوں نے اردو شعبے کے افسران، ورکشاپ میں شریک ماہرینِ تعلیم اور ریاست بھر سے آئے ہوئے اساتذہ سے تفصیلی بات چیت کی اور زبان کے فروغ و بقا کے لیے عملی عزم کا اظہار کیا۔
محترم پٹھان صاحب نے کہا کہ اردو زبان مہاراشٹر کی تہذیب، تعلیم اور تاریخ کا حصہ ہے، اور اس کے مسائل کو حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اگر ضرورت پڑی، تو وہ اسمبلی میں بھی اس زبان کے حق میں آواز بلند کریں گے۔
اس موقع پر اردو شعبے کے افسر خان نوید الحق نے مہاراشٹر میں اردو اسکولوں کی صورتحال اور نصابی مواد کی تیاری کے مراحل پر سیر حاصل گفتگو کی، جب کہ معاون افسر ناصر علی شیخ نے ادارہ جاتی سطح پر جاری عملی اقدامات سے معزز مہمان کو آگاہ کیا۔
۔MSCERT کے اردو انچارج توصیف پرویز نے مہاراشٹر کی تعلیمی پالیسیوں میں اردو زبان کی موجودگی، نصاب کی تیاری اور اس کے قومی اثرات پر مفصل روشنی ڈالی۔
اس موقع پر انجمن اسلام ممبئی کے نائب صدر عبداللہ شیخ بھی بطورِ خاص موجود تھے، جن کی موجودگی نے تقریب کے وقار میں اضافہ کیا۔ لسانی کمیٹی کے صدر یاسین اعظمی نے اردو نصابی کتب کی تیاری، تاریخ اور معیار کو برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی، جب کہ لسانی کمیٹی کے دیگر اراکین نے بھی اپنی موجودگی سے محفل کو سنجیدگی اور وقار عطا کیا۔ اس خیرمقدمی پروگرام میں ریاست مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سے تشریف لائے اردو اساتذہ کی شرکت نے اس تقریب کو ایک نمائندہ اور ریاست گیر حیثیت دے دی۔ معزز رکن اسمبلی کا استقبال شال، گلدستہ اور علمی کتابوں کے تحفے کے ساتھ کیا گیا۔ پروگرام کی پراثر نظامت نوجوان صحافی واثق نوید نے کی، جب کہ معروف ادیب و نقاد ، وسیم فرحت نے مؤثر انداز میں اظہارِ تشکر پیش کیا۔ یہ دورہ ایک رسمی ملاقات نہیں بلکہ اردو زبان کے تحفظ، عزت اور ترقی کے لیے ایک ولولہ انگیز آغاز ثابت ہوا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے ممتاز اساتذہ میں نعیم فراز، محسن آمین، وسیم فرحت ، متین طالب اور واثق نوید ، شامل تھے۔