تمام پارٹی کے مسلم قائدین نے مفتی محمد ہارون ندوی کو کانگریس کا جنرل سکریٹری بننے پر شاندار استقبالیہ تقریب میں دی مبارکباد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 06, 2025
0
share
جلگاؤں(عقیل خان بیاولی) کانگریس کمیٹی مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری بنائے جانے پر مفتی محمد ہارون ندوی کو ہر طبقے سے مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔ 5 اگست کو شام 6 بجے ایم آئی ایم کے مسٹرکارپوریٹر حاجی یوسف کے دولت کدہ پر ایک شاندار پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا. جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے معزز قائدین اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر راشٹروادی لیڈر اعجاز ملک، کانگریس لیڈر جمیل شیخ، ایم آئی ایم مسٹر کارپوریٹر حاجی یوسف، ایم آئی ایم لیڈر خالد کھاٹک، زبیر دیشمکھ، بشیر بھائی بھورانی، سعید بھائی جاگیردار، قربان سر، شوکت بھائی، جہانگیر بھائی آرکو سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ مفتی ہارون کو شال، گلوں کے ہار اور گلدستے پیش کر کے مبارکباد دی گئی۔ اعجاز ملک نے کہا کہ مفتی ہارون ندوی کو جو عہدہ ملا ہے وہ جلگاؤں کے مسلمانوں کے لیے فخر کی بات ہے، کیونکہ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کا جواب دے سکتی ہے۔ جمیل شیخ نے بھی اس موقع پر مفتی موصوف کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عہدے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مفتی محمد ہارون ندوی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرا کوئی خاندانی سیاسی پس منظر نہیں ہے، پارٹی نے مجھے یہ عہدہ میری دیانتداری، محنت اور وفاداری کی بنیاد پر دیا ہے۔ میں راہول گاندھی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں اتحاد، امن اور ترقی کے لیے کام کروں گا۔ یہ تقریب اتحاد، خیر سگالی اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں جلگاؤں کے معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے صاحب اعزاز کو مبارکباد دی۔