پونے، تھیرگاؤں,ایک سنہری عہد کا اختتام , محترمہ شاہدہ زین العابدین سبکدوش 37 سالہ تدریسی خدمات کو فاطمہ شیخ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کا خراجِ تحسین
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 31, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اردو پرائمری اسکول تھیرگاؤں کی قابلِ احترام پرنسپل محترمہ سید شاہدہ زین العابدین 31 اکتوبر 2025 کو اپنی 37 سالہ شاندار تدریسی خدمات مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ سبکدوش ہو گئیں۔ اسکول میں اس موقع پر ایک پُروقار تقریبِ اعزاز منعقد ہوئی جس میں اساتذہ، طلبہ، سابق پرنسپل صاحبان اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ محترمہ شاہدہ زین العابدین نے 18 جون 1988 سے اپنی تدریسی زندگی کا آغاز کیا تھا اور 2021 میں پرنسپل کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد اسکول میں نظم و ضبط، تعلیمی معیار اور ہم آہنگی کی نئی فضا قائم کی۔ تقریب میں فاطمہ شیخ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محمد عاقب جاوید نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “محترمہ شاہدہ میڈم اردو تعلیم کی بنیادوں میں سے ایک تھیں، ان کی ریٹائرمنٹ ایک عہدِ تعلیم کا اختتام ہے۔”۔ اساتذہ نے انہیں مشفق، منظم اور باوقار رہنما قرار دیا، جبکہ شاگردوں نے کہا کہ وہ صرف ایک معلمہ نہیں بلکہ “اخلاق و کردار کی درسگاہ” تھیں۔ محترمہ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ “میں نے پڑھانے کو عبادت سمجھا، اگر کسی بچے کے دل میں اخلاق بیدار کر سکی تو یہی میری کامیابی ہے۔” ۔ فاطمہ شیخ سوسائٹی نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اردو تعلیم کے لیے سرمایۂ فخر رہیں گی۔