رائے پور ، ضلع پریشد اُردو سیکنڈری اسکول کو مل گئی مستقل قیادت۔حنیف خان نے سنبھال لیا صدر مدرس کا عہدہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 28, 2026
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) ضلع پریشد اُردو سیکنڈری اسکول رائے پور میں طویل انتظار کے بعد انتظامی خلا پُر ہوگیا اور ادارے کے سینئر و باصلاحیت معلم حنیف خان ایوب خان نے باضابطہ طور پر صدر مدرس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
26 فروری 2026 کو ضلع پریشد بلڈھانہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے حکم نامے کے تحت یہ تقرری عمل میں آئی۔ واضح رہے کہ 3 فروری 2026 کو سابق صدر مدرس شیخ زبیر شیخ امین کے تبادلے کے بعد یہ عہدہ خالی تھا، جس کے باعث تدریسی و انتظامی امور عارضی نظم کے تحت انجام دیے جا رہے تھے۔ نئی تقرری سے نہ صرف اساتذہ اور طلبہ میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے بلکہ والدین اور مقامی تعلیمی حلقوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ضلع پریشد اُردو سیکنڈری اسکول رائے پور اپنے قیام سے ہی علاقہ میں اردو تعلیم کے فروغ اور معیاری تدریس کے حوالے سے نمایاں شناخت رکھتا ہے۔ تعلیمی ماہرین کا ماننا ہے کہ حنیف خان ایوب خان کی قیادت میں ادارہ تدریسی معیار، نظم و نسق اور ہم نصابی سرگرمیوں کے میدان میں مزید ترقی کرے گا۔ اس موقع پر اسکول کمیٹی کے سربراہ، اساتذہ کرام اور دیگر عملہ نے نومنتخب صدر مدرس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ رشتہ داروں، دوست احباب اور اہلِ علاقہ کی جانب سے بھی تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئی انتظامیہ کی رہنمائی میں اسکول تعلیمی میدان میں نئی کامیابیاں رقم کرے گا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوششیں مزید مستحکم ہوں گی۔