مسجد نبویﷺ میں سالانہ ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد قالین کی صفائی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 09, 2026
0
share
مدینہ منورہ، سیاست (ایس پی اے) مسجد نبویﷺ کی دیکھ بھال کے لیے قائم جنرل اتھارٹی مسلسل قالینوں کی صفائی اور دیکھ بھال کے کام انجام دے رہی ہے۔ یہ سرگرمیاں ایک جامع اور مربوط انتظامی نظام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد نمازیوں اور زائرین کے لیے روحانی سکون اور یکسوئی کا ماحول فراہم کرنا ہے،
جبکہ مسجد کے اندرونی حصوں اور صحنوں میں صفائی اور معیار کے اعلیٰ ترین اصول برقرار رکھنا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر مسجد نبویﷺ میں بچھائے گئے مجموعی 25 ہزار قالینوں میں سے تقریباً 500 قالین دھوئے، صاف کیے اور دوبارہ استعمال کے لیے تیارکیے جاتے ہیں۔
اس طرح سال بھر میں قالینوں کی صفائی اور تیاری کے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد خدمات انجام پاتے ہیں۔ یہ تمام کام انتہائی منظم اور مرحلہ وار طریقہ کارکے تحت انجام دیا جاتا ہے، جس سے مکمل صفائی، اعلیٰ کارکردگی اور قالینوں کے معیار اور پائیداری کو برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ مسجد نبویﷺ میں استعمال ہونے والے تمام قالین سعودی عرب میں تیارکیے جاتے ہیں۔
یہ قالین اپنی اعلیٰ معیارکی خصوصیات، گھنی بْنائی، مضبوطی اور پائیداری کے باعث ممتاز ہیں، جو نہ صرف نمازیوں اور زائرین کے لیے آرام و سکون فراہم کرتے ہیں بلکہ سال بھر مسلسل استعمال کا بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ قالینوں کو مسجد کے اندر نمازکی جگہوں، چھت اور صحنوں میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت بچھایا جاتا ہے،
جس میں نمازیوں کی آمدورفت اور ہجوم کے بہاؤکو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اس انتظام سے نمازکے لیے مختص مقامات کا بہترین استعمال ممکن ہوتا ہے اور زائرین کے آرام میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ تمام اقدامات مسجد نبویﷺ میں فراہم کی جانے والی جامع خدمات کا حصہ ہیں، جن کا مقصد سہولیات کے معیارکو مزید بہتر بنانا اور ہر چھوٹی سے چھوٹی تفصیل پر توجہ دینا ہے، تاکہ نمازیوں اور زائرین کو مکمل سکون، اطمینان اور آرام میسر آئے اور مسجد ہر وقت بہترین حالت میں عبادت کے لیے تیار رہے۔