آنجہانی بھاؤ صاحب فونڈکر کے یومِ پیدائش پر الحاج شہرت خان کا قابلِ ستائش اقدام کھام گاؤں میں 600 طلبہ کو اسکول بیگ تقسیم کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 24, 2026
0
share
آنجہانی بھاؤ صاحب فونڈکر، سابق ریاستی وزیر زراعت، کے یومِ پیدائش کے موقع پر 21 اگست کو کھام گاؤں میں ایک شاندار تقریب کے دوران تقریباً 600 طلبہ و طالبات میں مفت اسکول بیگ تقسیم کیے گئے۔
یہ قابلِ ستائش سماجی خدمت معروف سماجی شخصیت الحاج شہرت خان کی جانب سے انجام دی گئی، جسے عوامی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔ اس موقع پر نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 3، ڈوبار بیس اور نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4، ضیاء کالونی کے تمام طلبہ و طالبات کو اسکول بیگ فراہم کیے گئے۔
بیگوں کی تقسیم آنجہانی بھاؤ صاحب فونڈکر کے فرزند اور رکنِ اسمبلی ایڈوکیٹ آکاش فونڈکر کے بڑے بھائی ساگر فونڈکر کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
تقریب کی صدارت پربھاگ نمبر 2 کی رکنِ بلدیہ حجن نسیم بانو الحاج عبد الکریم نے کی، جبکہ شیکھر پروہت، نگر پریشد کے گٹ نیتا وجے اگلے، ستیش اپّا ٹوڈے، پروین کدم، پون گرڑ، منگیش انگڑے اور الحاج ادریس جمعدار بطورِ مہمانانِ خصوصی شریک رہے۔
نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4، ضیاء کالونی میں اسکول بیگ تقسیم کی تقریب شام 5 بجے منعقد ہوئی۔ پروگرام کی نظامت اسکول کی ہونہار طالبہ زہرا سہیل دیشمکھ نے نہایت پراعتماد اور مؤثر انداز میں انجام دی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
تقریب میں والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جن میں خواتین کی نمایاں شرکت قابلِ ذکر رہی۔ مقررین نے الحاج شہرت خان کی تعلیمی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت مند طلبہ کی تعلیمی معاونت کے ایسے اقدامات معاشرے میں تعلیم کے فروغ اور بچوں کے حوصلے بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شرکاء نے الحاج شہرت خان اور فونڈکر خاندان کے اس عوامی و تعلیمی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی فلاحی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔