ازقلم حافظ عقیل احمد ملی قاسمی
رہ کے دنیا میں نہیں بشر کو زیبا غفلت
موت کا بھی دھیان لازم ہے کہ ہرآن رہے
جو بشر آتا ہے دنیا میں یہ کہتی ہے قضاء
میں بھی پیچھے چلی آتی ہوں ذرا دھیان رہے
مورخہ 7 اکتوبر 2024 مطابق 3 ربیع الثانی 1446 بروز پیر یہ روح فرساں اور قابلِ افسوس خبر موصول ہوئی کہ مدرسہ حاجی الیاس مسجد حاجی الیاس عبد اللہ نگر کے طالب علم ہمارے انتہائی کرم فرما دوست محترم محفوظ الرحمٰن صاحب ساکن امن پورہ کے اکلوتے فرزند ارجمند محترم محمد زید صاحب صاحب انتقال فرماگئے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
مرحوم طالب علم کی عمر محض بارہ برس کی تھی اور وہ سردار ہائی اسکول کی چھٹی جماعت میں زیر تعلیم تھے اسی طرح مسجد حاجی الیاس عبد اللہ نگر میں جاری مدرسے کے حفظ کلاس کے انتہائی ذہین اور سعادت مند طالب علم تھے موصوف نے شہری سطح کے دوتین مسابقات میں مدرسہ ھذا کی نمائندگی بھی کی ہے اور حالیہ دنوں بھی تقریباً ایک ماہ قبل شہری سطح پر منعقد ہونے والے مسابقے میں شرکت فرما کر اپنے مدرسے کی نمائندگی کی تھی وہ 25 پارے کے حافظ قرآن تھے اور اس سال تکمیل کی امید تھی مگر آج سے تقریباًً 15 دن پہلے طبیعت ناساز ہوئی موسمی بیماریوں کے اثرات تھے مگر وہ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی کہ مصداق صحت یاب نہیں ہوسکے حالانکہ اہل خانہ نے یہاں سے لے کر ناسک تک ہر طرح کی ممکن کوشش جاری رکھی کسی طرح کی شکایت کا کوئی موقع نہیں چھوڑا مگر اس کے باوجود موت کا ایک دن معین ہے کہ مصداق آج دوپہر تقریباً بارہ بجے روح قفس عنصری سے پرواز کرگئی اور تدفین بعد نماز عشاء رات نو بجے بڑا قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ہوئی
لہذا مرحوم کا اس کم عمری میں وہ بھی اکلوتی اولاد کا انتقال ہوجانا یقینا والدین کے لئے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے مگر ہم صاحب ایمان ہیں اس لئے قضائے الہٰی پر راضی رہنا ہماری ذمہ داری ہے اس لیۓ دکھ اور صدمے کی اس سخت گھڑی میں ہم اپنے محترم دوست محفوظ الرحمٰن صاحب کے ساتھ ساتھ دور نزدیک کے وہ تمام رشتے دار جنھیں مرحوم کے انتقال سے صدمہ پہنچا ہے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور صبر ورضا کی تلقین کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم کا نعم البدل نصیب فرمائے اور جملہ متعلقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے آمِین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم
منجانب صدر واراکین شاہ ولی اللہ اکیڈمی جمیع معلمین ومعلمات طلباء و طالبات مدرسہ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی واقع مسجد حاجی مرتضیٰ رمضان حسن پورہ نورنگ کالونی مالیگاؤں
