آئین کے تحفظ کے لیے پونے تا ناگپور 763 کلومیٹر کی پیدل یاترا؛ 15 نومبر سے ’آئین سمان لانگ مارچ‘ کا آغاز انجُم انعامدار کی پریس کانفرنس میں اطلاع
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 11, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بھارتی آئین کے تحفظ، جمہوری اقدار کی پاسداری، مذہبی آزادی، سماجی انصاف اور اقلیتوں سمیت تمام محروم طبقات کے آئینی حقوق کے تحفظ کے مقصد سے مول نواسی مسلم منچ کی جانب سے پونے تا ناگپور تقریباً 763 کلومیٹر طویل ’آئین سمان لانگ مارچ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اتوار 15 نومبر کو صبح 11 بجے پونے ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے اس پیدل یاترا کا آغاز ہوگا۔ یہ اطلاع منچ کے صدر انجُم انعامدار نے 9 نومبر کو پونے کے شرمک پترکار بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔ انجُم انعامدار نے واضح کیا کہ یہ یاترا کسی مذہب یا سماج کے خلاف نہیں بلکہ آئینی اقدار کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور جمہوری حقوق کی پاسداری کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس لانگ مارچ کے ذریعے ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر سے انتخابات، ایس آئی آر عمل کی منسوخی، یکساں سول کوڈ پر تمام مذاہب کے نمائندوں سے مشاورت، نفرت انگیز تقاریر کے خلاف کارروائی، مذہبی مقامات کا تحفظ، ماب لنچنگ کی روک تھام، مبینہ تبدیلیٔ مذہب کے معاملات کی غیر جانب دارانہ جانچ، وقف املاک کا تحفظ اور ناانصافی کے شکار افراد کو انصاف فراہم کرنے سمیت مختلف مطالبات حکومت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ یہ پیدل یاترا پونے، احمد نگر، اورنگ آباد (چھترپتی سمبھاجی نگر)، جالنہ، چکھلی، کھام گاؤں، اکولہ، بدنیرا اور امراوتی سے گزرتے ہوئے ناگپور پہنچے گی۔ وہاں مہاراشٹر اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران ودھان بھون کے سامنے پُرامن احتجاج کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ کو مطالبات کا میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔ یاترا کے افتتاحی پروگرام میں سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب، سابق جسٹس بی۔ جی۔ کولسے پاٹل سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی کارکنان اور تمام مذاہب کے مذہبی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔اس موقع پر ابراہیم شیخ (آئی جی)، لوکس کیداری، ندیم مجاور، صادق شیخ، الطاف شیخ، سدھارتھ اووال، محبوب شیخ، منّاف شیخ اور رفیق ترک سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ انجُم انعامدار نے کہا کہ ’’یہ جدوجہد کسی سماج کے خلاف نہیں بلکہ ناانصافی کے خلاف ہے۔ ہمارا مقصد آئین میں دیے گئے مساوات، آزادی، بھائی چارے اور انصاف کے حقوق کو ہر شہری تک پہنچانا ہے۔‘‘