سید جواد حسین ایک ہمہ جہت شخصیت، ایک عہد کا اختتام, لڑکپن سے بڑھاپے تک اُن کے ساتھ کا ایک یادگار سفر تحریر: شفیق راہی
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 12, 2026
0
share
جواد سر کو آج اس بات کی خوشی ضرور ہوگی کہ اب وہ کسی بھی اسکول میں کسی بھی وقت جاسکیں گے، کسی میٹنگ میں شریک ہوسکیں گے، کسی استاد سے مل سکیں گے اور کسی دفتر میں حاضری دے سکیں گے، وہ بھی بلا خوف،بغیر کسی سرکاری کام، فائل یا اجازت نامے کے!
لیکن ایک بات بتا دوں، جواد سر! اُردُو اسکولوں میں آپ کا استقبال آج بھی اسی طرح ہوگا جیسے باپ کا اپنی بیٹی کے گھر میں ہوتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہوگا کہ پہلے لوگ آپ کو ایک سنگھٹنا کے ذمّہ دار کی حیثیت سے دیکھتے تھے، اب محبت اور اپنائیت کے ساتھ دیکھیں گے۔ ویسے بھی بعض لوگوں کو عہدہ مقبول بناتا ہے اور بعض لوگ اپنے عہدے کو مقبول بنا دیتے ہیں۔ جواد حسین دوسری قسم کے لوگوں میں سے ہیں۔ خیر! آج بات ہورہی ہے سید جواد حسین کی، جن کی سرکاری ملازمت کا سفر تو آج اختتام پذیر ہوگیا، لیکن جن کے قصے، کارنامے، نوک جھونک اور تعلقات ابھی طویل عرصے تک زندہ رہنے والے ہیں۔ سید جواد حسین! یہ نام ان لوگوں کے لیے کسی تعارف کا محتاج نہیں جو کسی نہ کسی طرح اردو زبان، اساتذہ کی تنظیمی سرگرمیوں یا ضلع پریشد اکولہ کی تعلیمی و سماجی زندگی سے وابستہ رہے ہیں۔
زمانہ گزر گیا انہیں ایک شخص سے شخصیت بنتے ہوئے۔ ایک وقت تھا جب ان کی پہچان اردو اساتذہ تک محدود تھی، لیکن رفتہ رفتہ انہوں نے مراٹھی اساتذہ کی دنیا میں بھی اپنی جگہ بنائی۔ یہ مقام کسی عہدے، اشتہار یا تشہیر سے نہیں بلکہ اپنے مزاج، تعلقات اور انتظامی صلاحیتوں سے حاصل کیا۔ ضلع پریشد میں ایک زمانہ ایسا بھی آیا جب مختلف اساتذہ تنظیموں کے لوگ کسی مشترکہ مسئلے پر ان کی رائے کو اہمیت دیتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ جب کسی ایک استاد کو متفقہ طور پر آگے کرنے کی ضرورت پیش آتی تو جواد حسین کا نام سامنے آتا اور ایک دفعہ تو کلکٹر صاحب کے ہاتھوں قرعہ فال بھی انہی کے نام نکلا۔
یہ کوئی معمولی بات نہیں تھی کہ الگ الگ نظریات اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک شخص کو اپنا نمائندہ تسلیم کرلیں۔ ہماری دوستی: کرکٹ کے چھکوں سے تنظیمی سیاست تک
میری اور جواد حسین کی دوستی یا تعلقات آج سے تقریباً 35 سال پرانے ہیں۔
1991 میں وہ پیپر کے کام کے سلسلے میں یوسف سر کے ساتھ مجھ سے ملنے پونا آئے تھے۔ میں نے اُن کا کام کر کے دیا تھا مراٹھی کا پیپر تھا وہ ڈی ایڈ کا مجھے یاد ہے
اس سے پہلے بھی ہمارے خاندانوں کے درمیان تعلقات تھے۔ میرے والد صاحب کو ان کے والد محترم سید امداد حسین کی سرپرستی حاصل رہی تھی۔
البتہ ہماری دوستی کا ایک دلچسپ باب 1987 میں ہی شروع ہوچکا تھا۔
اس وقت ہم لڑکپن میں تھے۔ ہماری کرکٹ ٹیم نے بارسی ٹاکلی میں ایک کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا۔ بڑے انعامات کے علاوہ ہم نے اعلان کیا تھا کہ ہر چھکے پر پانچ روپے انعام اپنی جیب خاص سے دیں گے۔
جواد حسین کی ٹیم 'ناولٹی' بھی ٹورنامنٹ میں شریک ہوئی۔ اب جواد نے ایسے چھکے لگانے شروع کیے کہ ہماری جیبیں خالی ہونے لگیں۔
ہمیں اندازہ ہوگیا کہ انعامی رقم کا انتظام تو ہم نے کردیا ہے، لیکن جواد صاحب کے چھکوں کا بجٹ نہیں بنایا!
وہ پیسے تو لے گئے، مگر ساتھ ہی بستی والوں کے دل بھی جیت کر لے گئے۔ آج بھی جب جواد حسین بارسی ٹاکلی آتے ہیں تو ان کے پرانے مداح، جو اب خود بھی بزرگ ہوچکے ہیں، ان سے ملنے کی چاہت رکھتے ہیں یہ بھی ایک طرح کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والی پنشن ہے، جس کی ادائیگی محبت میں ہوتی ہے! جب شہر کنیا اسکول نے میری تنظیمی زندگی کا رخ بدل دیا
2001 میں جب میرا تبادلہ اکولہ شہر کے کنیا اسکول میں ہوا تو تقریباً سو سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی مرد استاد کا وہاں آرڈر ہوا تھا۔
میرے اس کارنامے سے جواد حسین بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے مجھے تنظیم میں ایک اہم عہدہ دینے کے لیے باقاعدہ اصرار شروع کردیا۔
میں انکار کرتا رہا، لیکن میرے والد صاحب نے یہ کہہ کر مجھے آمادہ کیا کہ جواد کو انتظامی صلاحیتیں اپنے والد سے ورثے میں ملی ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
یوں میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اردو سنگھٹنا میں کام کرنے لگا۔
یہاں سے ہماری دوستی میں ایک نیا باب شامل ہوا۔ اب ہم صرف دوست نہیں تھے بلکہ تنظیمی ساتھی بھی تھے۔ جواد سر کی ایک بڑی خوبی ان کی انتظامی صلاحیت رہی ہے۔ ایک زمانہ ایسا بھی تھا جب ضلع پریشد میں ان کی اتنی پیٹھ تھی کہ اساتذہ کے تبادلوں کے معاملات میں ان کی رائے کو غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔
مجھے آج بھی ایک واقعہ یاد ہے۔ ایک رات تقریباً دو بجے انہوں نے مجھے فون پر تبادلوں کی ایک فہرست ڈکٹیٹ کرائی اور کہا کہ دیکھ لینا، یہی فہرست فائنل رہے گی۔
مجھے بھی حیرت تھی کہ رات کے دو بجے بنائی جانے والی فہرست کا دن کے اجالے میں کیا حشر ہوگا!
لیکن تقریباً ایک ہفتے بعد جب میمو جاری ہوا تو اس میں وہی نام تھے جو جواد سر نے مجھے بتائے تھے۔
یعنی جواد سر کے لیے رات کے دو بجے بھی انتظامی معاملات سونے نہیں دیتے تھے! البتہ آن لائن تبادلوں کے نظام نے ان کے اس روایتی ہنر کو بھی بڑی حد تک بے اثر کردیا۔ ورنہ ایک زمانہ تھا جب ان کے پاس صرف اساتذہ کی فہرست نہیں بلکہ ان کے مسائل کا حل بھی ہوا کرتا تھا۔ سیاست، تعلقات اور جوڑ توڑ کا فن
سوسائٹی کے انتخابات میں ان کے ساتھ رہ کر میں نے ان کی سیاسی بصیرت کا بنفس نفیس مشاہدہ کیا ہے۔
کس وقت کس سے بات کرنی ہے، کس کو ساتھ رکھنا ہے، کس موقع پر کون سا پتا پھینکنا ہے، یہ سب ان کے سیاسی مزاج کا حصہ رہا ہے۔
مجھے وہ وقت بھی یاد ہے جب انہوں نے سیاسی داؤ پیچ استعمال کرتے ہوئے اپنی دو سیٹیں کامیابی سے نکال لی تھیں۔
یہ الگ بات ہے کہ وہ اس کامیابی کی روایت کو زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رکھ سکے، لیکن اس واقعے نے مراٹھی اساتذہ کے درمیان بھی ان کی سیاسی صلاحیتوں کا اعتراف کروایا۔
جواد سر کا ایک اور نمایاں وصف مختلف مزاج اور نظریات رکھنے والے لوگوں کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ہے۔
ہدیایت پٹیل، پرکاش امبیڈکر، اظہر حسین اور ناطق الدین خطیب جیسے مختلف سیاسی و سماجی پس منظر رکھنے والے رہنماؤں سے برابری اور بے تکلفی کے تعلقات قائم رکھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ ان کے والد محترم کی یاد میں منعقد ہونے والا مشاعرہ بھی یاد کیجیے، جہاں کانگریس، راشٹروادی کانگریس، ونچت بہوجن اگھاڑی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک ہی اسٹیج شیئر کیا تھا۔
یہ تعلقات بنانے کا ہنر تھا یا لوگوں کو اپنا بنانے کا فن، اس کا فیصلہ آپ خود کیجیے۔ کھیلوں کی دنیا میں بھی ماموں کا جلوہ
ضلع پریشد ملازمین کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد دوبارہ شروع ہوا تو اس کے بعد سے آج تک جواد سر کسی نہ کسی حیثیت میں ان سرگرمیوں کے اہم محرک رہے ہیں۔
پچھلے 3 سال پہلے تک میں ہر سال بیڈمنٹن میں اکولہ ضلع پریشد کی نمائندگی کرتا رہا ہوں۔
ایک مرتبہ ڈاکٹروں نے مجھے کھیلنے سے منع کردیا تو واشم جانے کا پروگرام بھی کھٹائی میں پڑتا نظر آیا۔ جواد سر نے فوری طور پر مجھے اسی ٹیم کا منیجر بنا دیا۔
حالانکہ اس سے پہلے ہم ایک ماہ تک کسی دوسرے ساتھی کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کرتے رہے تھے، لیکن کامیابی نہیں ملی تھی۔
یہ جواد سر کا اپنا انداز ہے۔ آدمی کھیل نہ سکے تو اسے منیجر بنا دو، لیکن کھیلوں کے میدان سے باہر مت ہونے دو! اور ہاں، جیسے فلم 'کالی چرن' میں سارا شہر اجیت کو لائن کے نام سے جانتا تھا، اسی طرح اکولہ کے کھیل کے حلقوں میں ایک بڑی تعداد انہیں ماموں کے نام سے جانتی ہے۔
ماموں کا یہ لقب بھی کسی سرکاری نوٹیفکیشن سے نہیں ملا، بلکہ برسوں کی بے تکلفی اور تعلقات کی دین ہے۔ کورونا کا دور اور جواد سر کا ایک قابلِ قدر کردار
کورونا کے زمانے میں جواد حسین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر سماجی بیداری کے لیے جو سرگرم کردار ادا کیا، اس کی تعریف ان کے مخالفین بھی کیے بغیر نہیں رہ سکے۔
اس دور میں انہوں نے جس طرح لوگوں کے درمیان رہ کر کام کیا، اس سے ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔
بعد کے دنوں میں ضلع پریشد کی جانب سے کوچ کنڈل کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر ان کا انتخاب بھی اسی عوامی مقبولیت کا ایک مظہر تھا۔
کسی شخص کی خدمات کا اعتراف صرف اس کے ساتھی کریں تو الگ بات ہے، لیکن جب مختلف تنظیموں اور نظریات کے لوگ بھی اس کی صلاحیتوں کو تسلیم کریں تو یہ اس کی شخصیت کا اصل سرمایہ ہوتا ہے۔ جواد سر کی سب سے بڑی خوبی اور سب سے بڑی کمزوری!
اب تک آپ نے جواد سر کی خوبیاں پڑھیں۔ لیکن اگر میں صرف تعریفیں ہی کرتا رہوں تو یہ مضمون جواد سر کی سوانح عمری کم اور کسی انتخابی امیدوار کا منشور زیادہ محسوس ہونے لگے گا!
اس لیے کچھ حقیقتیں بھی بیان کرنا ضروری ہیں۔
جواد سر کی ایک کمزوری یہ رہی ہے کہ وہ بعض باصلاحیت اور خوددار اساتذہ کے ساتھ زیادہ طویل اننگ نہیں کھیل پاتے۔
اگر حمید شارق کو چھوڑ دیں تو میرے علاوہ ، ڈاکٹر ناصرالدین انصار، رفعت خان کیندر پرمکھ، وسیم سر پاتور، امین جمعدار، شفیع الرحمٰن، حسین واصف، نعیم فراز، انیس الدین، عابد سر فوجی، رشید احمد، راجو قریشی، اخترالامین، قدوس اللہ خان، جاوید اطہر خان، رضوان قاضی، یاسر عرفات، سیف الدین، ڈاکٹر اعجاز مرحوم، شاہد اقبال ، صدام حسین، شاہد پرویز،اظہر الدین،شارق علی،اور اطہر پرویز جیسے ناموں کی ایک طویل فہرست ہے جن کی کبھی نہ کبھی کسی نہ کسی معاملے میں جواد سر سے ان بن ضرور ہوئی ہے۔
ان میں سے بعض نے مجھ سے بھی اپنے غصے کا اظہار کیا۔ بعض کے تیور دیکھ کر تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اب بیچارے جواد سر کی خیر نہیں!
لیکن پھر کیا ہوتا تھا؟
ملاقات ہوئی!
اور
اگلے ہی دن ان میں سے اکثر پھر ہنستے مسکراتے نظر آنے لگتے تھے۔
یہ جواد سر کی شخصیت کا ایک ایسا پہلو ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
ان کے پاس ناراض لوگوں کو منانے کا اپنا ایک نظام ہے۔ نہ لمبی تقریر، نہ معافی نامے کی تیاری، نہ مذاکراتی کمیٹی!
بس ایک ملاقات، چند جملے اور پھر سب کچھ معمول پر۔
جواد سر کی جادو کی جھپی کے سامنے تو سنجے دت منا بھائی کی ماں کا انکار بھی بے اثر معلوم ہوتا ہے!
البتہ آج بھی کچھ اساتذہ ایسے ہیں جو ان کی جادو کی جھپی کے منتظر ہیں۔ ان میں سے بعض کو تو جواد سر نے روٹھنے کی اجازت ہی نہیں دی۔
اِنکی قسمت میں جادو کی جھپی نہیں
ان کے لیے چند مخصوص جملے ہی کافی ہیں:
بیوقوفوں جیسی بات مت کرو!
زیادہ مولانا مت بنو!
سیکھو!
بیچارے اس طرح کے ایک ہی ڈائیلاگ میں سال بھر کے لیے خاموش ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی ان کی عقیدت کا ایک الگ انداز ہے یا جواد سر کے رعب کا نتیجہ، یہ تحقیق طلب موضوع ہے! ایک تنظیم سے دوسری تنظیم تک، مگر دوستی اپنی جگہ!
اب یہاں ایک بات واضح کرنا ضروری ہے۔
آج میں اپنی الگ تنظیم میں کام کررہا ہوں اور جواد سر اپنی الگ تنظیمی شناخت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
ہمارے راستے الگ ہیں، ہمارے تنظیمی نظریات اور ترجیحات بھی مختلف ہوسکتے ہیں، اور بعض معاملات میں اختلافات بھی رہتے ہیں۔
لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ 35 سالہ تعلقات بھی کسی تنظیم کے دفتر میں جمع کروا دیے جائیں!
تنظیمیں بدلتی رہتی ہیں، عہدے آتے جاتے رہتے ہیں، نظریات میں اختلاف ہوتا رہتا ہے، لیکن کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جنہیں ان سب چیزوں سے بالاتر رہنا چاہیے۔
جواد سر سے میری نوک جھونک بھی رہی ہے، اختلافات بھی ہوئے ہیں، بغاوتیں بھی ہوئی ہیں اور کبھی کبھی تو ایسا بھی محسوس ہوا کہ اب شاید ہماری پٹڑی کبھی ایک ساتھ نہیں چلے گی۔
لیکن پھر کوئی نہ کوئی موقع آتا ہے، ملاقات ہوتی ہے، چائے کی پیالی سامنے آتی ہے اور پرانی بے تکلفی دوبارہ لوٹ آتی ہے۔
شاید یہی ہماری دوستی کی اصل خوبصورتی ہے۔ میں آج بھی ان کی خوبیوں کا معترف ہوں، ان کی کمزوریوں سے واقف ہوں اور ان سے اختلاف کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتا ہوں۔
کیونکہ دوست وہ نہیں جو ہر بات پر آمین کہے، دوست وہ ہے جو اختلاف کے باوجود دوست رہے۔ اثر و رسوخ کی اصل تعریف
کسی ایک استاد کا اتنے سارے اساتذہ پر اثر ہونا واقعی کمال کی بات ہے۔
ایک ہی میدان میں کام کرنے والے کسی ایک شخص کا اثر کسی ایک فرد پر ہمیشہ رہ سکتا ہے، یا کسی ایک کا اثر بہت سے لوگوں پر ایک مخصوص مدت تک قائم رہ سکتا ہے۔
لیکن کسی ایک شخص کا اثر مختلف تنظیموں، مختلف نظریات اور مختلف مزاج رکھنے والے لوگوں پر اتنے طویل عرصے تک قائم رہنا یقیناً غیر معمولی بات ہے۔
اور یہ اثر محض ان کے عہدے یا سینیرٹی کی وجہ سے نہیں تھا۔
جب جواد حسین خود نوجوان تھے، تب بھی ان سے بڑی عمر کے اساتذہ کا رویہ ان کے ساتھ احترام اور اپنائیت کا ہوا کرتا تھا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے یہ مقام عہدے سے پہلے اپنی شخصیت سے حاصل کیا تھا۔ آج ایک عہد ختم ہوا ہے، ایک تعلق نہیں!
آج جواد حسین سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔
اب نہ حاضری رجسٹر کی فکر، نہ سرکاری میٹنگ کی پابندی، نہ تبادلوں کی فائلوں کا انتظار، نہ کھیلوں کے مقابلوں کی انتظامی دوڑ دھوپ۔
اب شاید ان کے پاس وہ وقت ہوگا جس کے لیے برسوں سے وقت نکالنا مشکل تھا۔
لیکن مجھے یقین ہے کہ جواد سر کے لیے ریٹائرمنٹ کا مطلب آرام کرنا نہیں ہوگا۔ ایسے لوگ ملازمت سے ریٹائر ہوتے ہیں، سرگرمیوں سے نہیں۔
اب ان کے پاس لوگوں سے ملنے، پرانے دوستوں کو وقت دینے، سماجی کام کرنے اور اپنی پسند کے مشاغل پورے کرنے کے لیے زیادہ وقت ہوگا۔
اور ہاں، اب اسکول میں نہ جانے کے لیے کسی سرکاری کام کا بہانہ بھی نہیں بنانا پڑے گا!
جواد سر کی شخصیت کے بہت سے ایسے پہلو بھی ہیں جو ابھی تک میرے قلم سے بیان نہیں ہوئے۔ ممکن ہے کبھی موقع ملا تو ان پر بھی الگ سے لکھوں۔
فی الحال اتنا ہی کافی ہے کہ ایک ایسے شخص کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے جس کے ساتھ میری زندگی کے تقریباً ساڑھے تین عشرے گزرے ہیں۔
جواد سر!
آپ سے اختلافات اپنی جگہ، تنظیمی راستے اپنی جگہ اور ہماری نوک جھونک اپنی جگہ۔
لیکن یہ حقیقت اپنی جگہ کہ آپ میری زندگی کے ان چند لوگوں میں شامل ہیں جن کے ساتھ گزرے ہوئے وقت کو یاد کرکے آج بھی چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔
آپ کی سرکاری ملازمت ختم ہوئی ہے، آپ کی کہانی نہیں۔
اللہ آپ کو صحت، خوشی، عزت اور طویل عمر عطا فرمائے۔
آپ کی زندگی کا اگلا دور بھی اتنا ہی بھرپور، متحرک اور دلچسپ ہو جتنا آپ کا اب تک کا سفر رہا ہے۔ اور آخر میں ایک گزارش:
جواد سر! ریٹائرمنٹ کے بعد بھی لوگوں کو اپنی جادو کی جھپی سے محروم مت رکھیے گا۔ البتہ اب چونکہ آپ کے پاس سرکاری اختیارات نہیں رہے، اس لیے کوشش کیجیے گا کہ لوگ آپ سے صرف محبت کی وجہ سے ملنے آئیں، کسی تبادلے یا کام کی سفارش کے لیے نہیں!
ریٹائرمنٹ مبارک ہو میرے دوست ۔۔۔۔۔
جب پہلی پہلی بار جواد سر سے پکّی دوستی ہوئی تو موصوف مالی اعتبار سے کچھ زیادہ خوش حال نہیں تھے۔ 2000 روپیوں کی پُرانی ماڈل بجاج اسکوٹر پر شہر کی سڑکیں ناپا کرتے تھے۔ مجھے یاد ہے کہ جب موبائل فون کا ابتدائی دور شروع ہی ہوا تو بھائی کے پاس موبائل خریدنے کے پیسے بھی نہیں تھے۔ چنانچہ اساتذہ سے باقاعدہ اپیل کیا کرتے تھے کہ سنگھٹنا کو ایک موبائل دلا دیجیے تاکہ تنظیمی کام میں آسانی ہو۔ ابتدائی دنوں میں ایک ایک استاد سے ملاقات کرکے انہیں سنگھٹنا سے جوڑنے کی کوشش کرتے، کبھی محبت سے، کبھی خوشامد سے اور کبھی اپنی قلندرانہ اداؤں سے۔ لیکن پرانے اساتذہ بھی کوئی کچے کھلاڑی نہیں تھے۔ وہ سیدھی انگلی سے گھی نکلنے کہاں دینے والے تھے! کئی دن قلندری میں گزارنے کے بعد بالآخر انہوں نے بھی اپنے پرانے اساتذہ سے ""کام"" نکلوانے کے نت نئے طریقے آزمانے شروع کردیے۔ وقت بدلا، حالات بدلے، لیکن قلندر کی قلندری آج بھی برقرار ہے۔ ایک ادب دوست جواد تعلیمی اور تنظیمی سرگرمیوں سے ہٹ کر جواد سر کی شخصیت کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ وہ شعرا اور ادبی شخصیات کے بڑے دلدادہ ہیں۔ اگرچہ خود ان کی ادب پر گرفت کوئی بہت مضبوط نہیں، لیکن ضلع کی ادبی شخصیات سے ان کے مراسم بڑے گہرے ہیں۔ میرے والد ڈاکٹر محبوب راہی، ڈاکٹر منظور ندیم، فصیح اللہ نقیب،شکیل اعجاز، ڈاکٹر ناصرالدین انصار، ذاکر نعمانی، حسین احمد واصف،شمیم فرحت، احمد امام، ساجد محشر عرفان ظفر، نعیم فراز اور نہ جانے کتنے ادبی لوگوں سے ان کی شناسائی اور دوستی ہے۔ جب سنگھٹنا کا ریاستی اجلاس منعقد ہوا تو انہوں نے اس موقع پر باقاعدہ ایک مشاعرے کا اہتمام بھی کروایا۔ اس کے علاوہ اکولہ ضلع میں ہونے والے مشاعروں میں بھی بنفسِ نفیس موجود رہتے ہیں۔ بجٹ اور حساب کتاب کے معاملات سنبھالتے ہیں، شعرا کے اشعار زبانی یاد رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور حتیٰ الامکان ان کا حق دلانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
دبستان برار جو ڈاکٹر ناصر الدین انصار کا ادبی واٹس ایپ گروپ ہے اسکا عملی پروگرام مع طعام کے دو مرتبہ اکولا میں اپنے ذاتی خرچ سے منعقد کیا جس میں شامل ہونے کا شرف مجھے بھی حاصل ہے ایک واقعہ میرے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔ جب میرے والد ڈاکٹر محبوب راہی بینگلور سے مرکزی ساہتیہ اکادمی ایوارڈ حاصل کرکے اکولہ پہنچے تو اسٹیشن پر جواد سر پھولوں کا گلدستہ لیے ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ حالانکہ اس موقع پر اکولہ کی ادبی شخصیات کو موجود ہونا چاہیے تھا، مگر افسوس کہ وہاں ایک بھی ادبی شخصیت دکھائی نہیں دی۔ جواد سر کو گلدستہ لیے دیکھ کر میرے والد صاحب کو جو خوشی ہوئی، اسے دیکھ کر مجھے جو مسرت حاصل ہوئی، اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ یہ جواد سر کی محبت اور ادبی شخصیات سے ان کی وابستگی کا ایک خوب صورت مظاہرہ تھا۔ اسی طرح وہ کئی ادبی شخصیات کی ایک دوسرے سے ملاقات کرواتے رہتے ہیں۔ متعدد مرتبہ ادبی شخصیات کو میرے گھر بھی لے کر آئے۔ ایک مرتبہ غفار صاحب، عزم شاکری، نعیم اختر خادمی اور الطاف ضیاء کو میرے گھر ملوانے کے لیے لے کر آئے تھے۔ میرے والد صاحب سے جب بھی ملاقات ہوتی تو ادبی گفتگو ضرور کرتے۔ اگرچہ ادب پر ان کا اپنا کنٹرول اتنا نہیں، لیکن کوشش کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتے۔ گویا ادب سے عشق کرنے کے لیے ادیب ہونا ضروری نہیں، جواد سر اس کی زندہ مثال ہیں! بھائی گیری: قلندر کا ایک اور روپ ایک مرتبہ مجھے معلوم ہوا کہ جواد سر نے کسی کے ساتھ مارپیٹ کی ہے۔ یہ ان کی شخصیت کا ایک ایسا روپ تھا جس سے میں پہلے زیادہ واقف نہیں تھا۔ نام تو اب یاد نہیں، لیکن سنا تھا کہ ایک صاحب کی ناک ایک ہی پنچ میں پھوڑ دی تھی۔ ایک مرتبہ ایک ٹیچر، جن کا نام لینا میں مناسب نہیں سمجھتا، ان کی بھی اچھی خاصی دھلائی کردی۔ ایک دفعہ تڑس نام کے ایک ادھیکاری سے بھڑ گئے اور ایسا تاریخی ڈائیلاگ مارا کہ آج بھی یاد ہے: ’’بیٹا! تو تڑس ہے تو میں باگ ہوں، چیر کے رکھ دوں گا!‘‘ اب یہ مت پوچھیے کہ اس مکالمے کے بعد تڑس صاحب کا کیا ہوا، یہ الگ داستان ہے! جواد سر کی ایک اور خوبی یہ تھی کہ کبھی کبھی خود لڑنے کے بجائے دوسروں کو لڑنے کے لیے تیار کر دیتے تھے۔ اس کی ایک مثال میں خود ہوں۔ جب میں نے الگ تنظیم بنائی تو کئی پہلوانوں کے دھمکی بھرے فون میرے پاس آنے لگے۔ میں سمجھ گیا تھا کہ اس سارے کھیل کے پیچھے کون ہوسکتا ہے! خیر، یہ سب جوانی کے دور کی باتیں ہیں۔ اس زمانے میں جوش بھی تھا، جذبہ بھی تھا اور قلندری کے ساتھ کچھ پہلوانی بھی! *مذہبی شخصیات سے دوستی* جواد سر کی دوستیوں کا دائرہ صرف اساتذہ، ادیبوں اور تنظیمی لوگوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ مذہبی شخصیات میں بھی ان کے خاصے مراسم ہیں۔ ہمارے شہر کے ایک بہت ہی نامور مفتی صاحب سے ان کی گہری دوستی ہے۔ میری جب بھی ان سے فون پر بات ہوتی ہے تو اکثر درمیان میں مفتی صاحب کا فون آجاتا ہے۔ موصوف فوراً یہ کہہ کر فون بند کردیتے ہیں: ’’ارے، مفتی صاحب کا فون ہے!‘‘ پھر مفتی صاحب سے دین و مذہب کے معاملات پر گفتگو اور تبادلۂ خیال شروع ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ عرصے سے فجر کی نماز کے بعد نمازیوں کے گروپ میں روزانہ کئی گھنٹے گزارنا اور مذہبی معاملات پر تبادلۂ خیال کرنا بھی ان کے معمولات میں شامل ہے۔ یعنی قلندر کی شخصیت میں اب ایک مذہبی اور روحانی پہلو بھی نمایاں ہونے لگا ہے۔ اے سی سی کلب کی رکنیت: ایک الگ ہی دنیا کافی عرصے سے جواد سر نے اے سی سی کلب کے علاقے کو اپنا مستقل اڈا بنا رکھا ہے۔ یہاں اشرافیہ کے علاوہ شہر کے طرح طرح کے لوگ جمع ہوتے ہیں۔ اچکے، بدمعاش، جواری، غنڈے، موالی اور چالو قسم کے لوگوں کی بھی یہاں آمدورفت رہتی ہے۔ ظاہر ہے، جواد سر کی یاری وہاں بھی قائم ہے۔ وہاں وہ کھلاڑیوں کو کیا کیا گُر سکھاتے ہیں، کرکٹ میں ہار جیت کے کون سے داؤ پیچ سمجھاتے ہیں، یہ سب میں نے لوگوں سے سنا ہے۔ اس سے آگے کا مجھے پکا پتہ نہیں! ویسے جواد سر کے حلقۂ احباب کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ان کی دوستی کا دائرہ خاصا وسیع ہے۔ ہر طبقے میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔ *خرچ کرنے میں دلیری: پیسے کی قدر یا قلندری؟* اب آتے ہیں جواد سر کی ایک ایسی خوبی کی طرف جس کا میں خود عینی شاہد ہوں۔ تقریباً پندرہ سال پہلے کی بات ہے۔ جب بھی میں سیفو کے ساتھ اکولہ جاتا تو جواد سر ہمیں بغیر کھانا کھلائے واپس آنے ہی نہیں دیتے تھے۔ ان کا ایک دوست تو ہمیشہ ان سے ایسا چپکا رہتا تھا جیسے جنگلی بھینسے پر کوا بیٹھا ہو اور موقع ملتے ہی کیڑے کھانے کے چکر میں ہو! اگر کھانے کی گنجائش نہ رہتی تو محمد علی چوک میں ناشتہ کرواتے اور اگروال کے یہاں ٹھنڈا زبردستی پلاتے۔ پانچ پانچ سو کے نوٹ اس انداز سے جیب سے نکالتے تھے کہ اس زمانے میں عام آدمی پچاس کا نوٹ نکالتے ہوئے بھی دو مرتبہ سوچتا تھا۔ یہ صرف میں اور سیفو ہی نہیں تھے، بلکہ درجنوں اساتذہ نے ان کی اس فیاضی کا لطف اٹھایا ہے۔
اسکا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہم صرف کھانے میں شریک رہے اُس زمانے میں ٹاکلی میں ہم ہر دو تین مہینے میں کھانے کا پروگرام رکھتے جس میں جواد سر کی شرکت یقینی ہوتی اور انھیں بیسوں پروگرم میں ہم نے کھانے کے ساتھ اسٹیج بھی دیا لیکن ان کے شاہانہ اخراجات کا ایک واقعہ ایسا ہے جسے میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ ایک مرتبہ ہوم منسٹر مانک راؤ ٹھاکرے سے ملاقات کے لیے مجھے ان کے ساتھ ممبئی جانے کا اتفاق ہوا۔ وہاں جواد سر کے شاہانہ اخراجات اور ٹھاٹ باٹ دیکھ کر میں دنگ رہ گیا۔ اور ہاں، خرچ اپنا اپنا تھا! جہاں چار سو روپے کے اے سی ٹکٹ سے کام چل سکتا تھا، وہاں موصوف نے دو ہزار روپے کا فرسٹ اے سی ٹکٹ بک کروایا۔ یعنی سولہ سو روپے کا اضافی کام آٹھ ہزار میں! ممبئی پہنچ کر صرف فریش ہونے کے لیے ایک ہوٹل میں ایک ہزار روپے خرچ کردیے اور بیرا کو پانچ سو روپے ٹپ بھی دے دی۔ پورے دن کے لیے ٹیکسی بک کروائی، ہوٹل میں دو وقت شاہی کھانا کھایا اور پورا دن بادشاہوں کی طرح گزارا۔ میں سوچتا رہا کہ کیا کسی نے کسی ٹیچر کو ایک ہی دن میں بیس ہزار روپے خرچ کرتے دیکھا ہے؟ یہ تقریباً 16 سال پہلے کی بات ہے۔ آج کے حساب سے اس رقم کی ستر ہزارسے ایک لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ چاچا نہرو کے بعد چاچا جواد انہیں دوسروں کی اسکولوں کے بچوں سے بھی بے پناہ لگاؤ تھا
جب بھی موقع دیکھتے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے اسکول پہنچ جاتے
کبھی خود کا جنم دن بچوں میں مٹھائی بانٹ کر مناتے تو کبھی کسی بہانے بچوں کو پیسوں سے نواز دیتے
یہ بات بارسی ٹاکلی کی اسکولوں میں کئی بار دیکھنے کو ملی دوسروں کا پتہ نہیں
ابھی حال ہی میں انہوں نے مہان کی جن بچیوں کے ریپ سونگ کا ذِکر کیا تھا انہیں انعام دینے کے لیے اُنہو ں نے کئی بار مہان آنے کا قصد کیا میں نے روکا
پندرہ دن پہلے جنم دن تھا کہنے لگے تمام بچّوں کو نوٹ بُک بانٹنے آتا
میں نے سختی سے منع کیا کہ غریبی میں کیوں گیلا آٹا کرنے پر تلے ہو
ایک لاکھ سے ذیادہ کا خرچ ہے تب مانے آج کل کے جواد سر: لبرل اور ریفارمر اب آتے ہیں جواد سر کی شخصیت کے تازہ ترین دور کی طرف۔ آج کل ان پر لبرل اور ریفارمر بننے کا بھوت سوار ہے۔ ایسے ایسے اقدامات اٹھاتے ہیں کہ ان کے سائیڈ ایفیکٹس کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔ مثلاً ایک مرتبہ اپنی اہلیہ، جو انتہائی گھریلو خاتون ہیں، کو شیواجی مہاراج کی جینتی کی ریلی میں ساوتری بائی پھلے کے ساتھ فاطمہ شیخ کے گیٹ اپ میں گھمانے پر آمادہ ہوگئے۔
باجی نے انکار کیا، ہم نے بھی سمجھایا، تب کہیں جاکر ان کے دماغ سے یہ فتور نکلا۔
لیکن ابھی کل ہی ایک اور ایسا کارنامہ انجام دے دیا جسے سب نے دیکھا۔ ماتھے پر تلک والا معاملہ! اب اس پر میں کیا تبصرہ کروں؟ اتنا ضرور کہوں گا کہ ان کے حوصلے کی داد دینی پڑے گی۔ وہ جو بھی قدم اٹھاتے ہیں، اس کے ممکنہ سائیڈ ایفیکٹس کی پرواہ کم ہی کرتے ہیں۔ یہی تو قلندری ہے! ایسا ہے میرا دوست!
تو صاحبو! یہ ہیں میرے دوست قلندر جواد سر۔
ایک ایسی شخصیت جس میں بیک وقت کئی رنگ نظر آتے ہیں۔ کہیں تنظیمی کارکن، کہیں ادب کا شیدائی، کہیں بھائی گیری کا مظاہرہ کرنے والا پہلوان، کہیں مذہبی شخصیات کا ہم نشین، کہیں اے سی سی کلب کا مستقل رکن، کہیں شاہانہ خرچ کرنے والا دریا دل انسان اور کہیں لبرل و ریفارمر بننے کے شوق میں نت نئے تجربات کرنے والا شخص!
ان کی یہی آل راؤنڈر خصوصیات انہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہیں۔
اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ میرے دوست ہیں، کیونکہ ان میں سے کئی عادتیں مجھ میں بھی پائی جاتی ہیں! اب دو ایسے لوگ مل جائیں جن میں کچھ خوبیاں بھی مشترک ہوں اور کچھ خامیاں بھی، تو دوستی میں نوک جھونک، اختلاف اور بغاوت نہ ہو تو پھر دوستی کا مزہ ہی کیا؟