بھٹکل کی ڈاکٹر فرزانہ فرح کی تصنیف ’گل افشانیاں‘ کو کرناٹک اردو اکادمی کا بہترین کتاب ایوارڈ
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 12, 2026
0
share
بھٹکل (فکروخبرنیوز) کرناٹک اردو اکادمی، بنگلورو کے زیرِ اہتمام 9 نومبر 2026ء کو ٹاؤن ہال، بنگلورو میں منعقدہ جشنِ اردو کے موقع پر ریاست کی ممتاز ادیبہ، شاعرہ اور طنز و مزاح نگار ڈاکٹر فرزانہ فرح کو ان کے انشائیوں کے مجموعے’گل افشانیاںٗ کے لیے سال 2024ء-2025ء کے بہترین کتاب کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر فرزانہ فرح کی اس اعزاز سے سرفرازی ان کی ادبی ریاضت، تخلیقی صلاحیتوں اور اردو ادب کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ ریاستِ کرناٹک کے ادبی حلقوں کے لیے بھی باعثِ مسرت و افتخار ہے۔ شال، توصیفی سند، یادگاری میمنٹو اور 25 ہزار روپے پر مشتمل یہ اعزاز ریاستی وزرائے حکومت جناب یو۔ ٹی۔ قادر اور جناب رضوان ارشد کے دستِ مبارک سے تفویض کیا گیا۔ اس موقع پر ارکانِ اسمبلی جناب این۔ اے۔ حارث اور محترمہ کنیز فاطمہ، رکنِ پارلیمان جناب منصور علی خان، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود محترمہ سلمیٰ فہیم، کرناٹک اردو اکادمی کے صدر مفتی محمد علی قاضی مصباحی، اکادمی کے اراکین اور دیگر متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔ x