شعر کا تعلق مشاہدات یا تجربات سے ہونا چاہیے خرافات سے نہیں ۔ شمیم طارق
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 15, 2026
0
share
(بھیونڈی ) بروز سنیچر یوم اطفال کے موقع پر بھیونڈی کے صنوبر ہال میں معروف شاعر، نقاد، محقق و کالم نویس شمیم طارق صاحب کے دوسرے شعری مجموعہ "جبر و قہر کا موسم" کے تقریبِ رسم اجراء میں اظہار خیال کرتے ہوئے صاحب کتاب نے کہا کہ، " فی زمانہ ایسے اشعار کی کثرت ہے جن کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ جب کہ شعر کے لیے شرط ہے کہ وہ تاریخ اور معمولات و مشاہدات کے خلاف نہ ہو۔ میرے کہے ہوئے شعروں میں بعض کا تعلق محسوسات سے ہے ، بعض کا مشاہدات سے اور بعض کا ذاتی تجربات و واردات سے۔ خرافات سے کسی شعر کا تعلق نہیں ہے کہ میں شعر میں بھی دعویٰ بغیر دلیلِ موزوں نہیں کرتا۔" شمیم طارق نے اپنے کئی اشعار بھی سنائے ، درد کے حوالے سے کسی دوسرے کا شعر پڑھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درد میں یہ صلاحیت نہیں کہ وہ کدھر سے اٹھے اور کدھر سے نہ اٹھے، اپنا ایک شعر اس حوالے سے سنایا کہ زخم ہی زخم ہو جب جسم کے ہر حصے میں کیا بتائیں کہ بھلا درد کہاں ہوتا ہے۔ تقریب کے صدارت فرماتے ہوئے پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری صاحب نے شمیم طارق کی نثر ، نظم اور صحافتی کالموں کے حوالے سے کہا کہ، "شمیم طارق صاحب کی تحریروں ، تقریروں اور نجی گفتگو میں وحدت فکر (Integrity of thought) نظر آتی ہے۔" شمیم طارق صاحب کے شعری مجموعہ میں طویل عرصہ کے فرق کو آپ نے بیسویں صدی کے آخری رُبع اور اکیسویں صدی کے پہلے رُبع کا تجربہ اور مشاہدہ قرار دیا۔ سید حسین اختر صاحب (چیئرمن مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی ) کے ہاتھوں شعری مجموعہ کا اجراء عمل میں آیا۔ اس موقع پر موصوف نے اپنے علاقے میں اساتذہ و طلبہ میں شمیم طارق صاحب کی مقبولیت کے دلچسپ واقعات سنائے اور انھیں مبارکباد پیش کی۔ نیز اکیڈمی کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کا افتتاح معروف انشائیہ نگار ، شاعر و ادیب محمد رفیع انصاری صاحب نے فرمایا، اپنی افتتاحی تقریر میں آپ نے مجموعہ کے مشمولات پر سیر حاصل گفتگو کی نیز شمیم طارق کے لیے کہے چند اشعار بھی سامعین کے گوشِ گذار کیے ان میں سے چند یہاں پیش خدمت ہیں۔ ہمارے جذبوں کے ترجماں ہیں شمیم طارق ہماری فکروں کے قدر داں ہیں شمیم طارق رواں دواں ہے قلم کی مانند اُن کا لہجہ اکیلے ہو کر بھی کارواں ہیں شمیم طارق یہ بزم شعرو ادب سجی ہے جو اس زمین پر سخن کی دھرتی پہ آسماں ہیں شمیم طارق تقریب میں پرنسپل سرفراز مرمکر ، شکیل احمد شکیل نے شمیم طارق کے مجموعے پر اپنا تبصرہ پیش کیا۔ نیز مجموعہ میں شامل اشعار بھی سامعین کے گوشِ گذار کیے۔ عامر قریشی نے اپنا تحریر کردہ سپاس نامہ سنایا ۔ ممبرا سے تشریف لائے عرفان جعفری صاحب نے شمیم طارق سے اپنے دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ مقررین کے علاوہ شعیب ہاشمی صاحب ( ایکزیکیٹیو آفیسر اردو اکیڈمی)، شاہنواز تھانہ ولا صاحب، جناب انس انصاری (معروف سیاست داں)، جناب نیر حسن اور شہر و بیرون سے اہل علم و ادب حضرات نے محفل کی رونق بڑھائی۔ سیماب انور مومن نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب کا انعقاد جناب بلال رونق (صدر)اور ان کے رفقا ئے بزمِ انصار ادب (بھیونڈی) کی جانب سے کیا گیا تھا۔