آکولہ ، کل ہند حمدیہ و نعتیہ سمینار و مشاعرے کا تاریخی انعقاد ایک شام نقیب الشعراء حضرت فصیح اللہ خان نقیب کے نام کھام گاؤں (واثق نوید کی رپورٹ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 17, 2026
0
share
کل ہند بزمِ ادب و ثقافت کے زیرِ اہتمام اکولہ میں اپنی نوعیت کے منفرد اور اولین یک روزہ کل ہند حمدیہ و نعتیہ سمینار و مشاعرے کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ یہ ادبی و روحانی اجتماع نہ صرف اکولہ کی ادبی تاریخ میں ایک قابلِ ذکر اضافہ ثابت ہوا بلکہ حمد و نعت کے حوالے سے علمی و تحقیقی مباحث اور تقدیسی شاعری کے فروغ کی ایک اہم پیش رفت بھی قرار پایا۔ بزم کا آغاز قاری محمد افروز کی خوش الحان تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ سمینار میں ملک کے مختلف گوشوں سے مدعو کیے گئے ممتاز مقالہ نگاروں نے حمد و نعت کے مختلف فکری، فنی، ادبی اور تحقیقی پہلوؤں پر اپنے وقیع مقالات پیش کیے۔ بانیِ بزم رفیق شاد ندوی (دوحہ، قطر) کی جانب سے مدعو کیے گئے مقالہ نگاروں میں ڈاکٹر زینت اللہ جاوید، شرف الدین ساحل، ڈاکٹر یحییٰ نشیط، خواجہ غلام السیدین، ندیم صدیقی، اصغر جمیل ندوی، رفیق شاد ندوی، ریاست علی ریاست، حسنین عاقب، انس نبیل اور عرفان ظفر قریشی کے نام شامل تھے۔ تمام مقالہ نگاروں نے موضوع کی نزاکت، علمی وسعت اور تحقیقی تقاضوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے نہایت محنت، عرق ریزی اور سنجیدگی کے ساتھ اپنے مقالات پیش کیے۔ ان مقالات میں حمد و نعت کی ادبی عظمت، فنی محاسن اور عصری معنویت کو مختلف زاویوں سے اجاگر کیا گیا۔ بلاشبہ یہ علمی نشست حمد و نعت کے حوالے سے سنجیدہ ادبی مکالمے کی ایک خوش آئند مثال ثابت ہوئی۔ ڈاکٹر محبوب راہی کی سرپرستی میں منعقدہ اس سمینار کی صدارت ڈاکٹر زینت اللہ جاوید نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض جناب صابر مصطفیٰ آبادی نے نہایت خوش اسلوبی اور سلیقے سے انجام دیے۔ سمینار کے بعد حمدیہ و نعتیہ مشاعرے کا آغاز ہوا، جو نقیب الشعراء حضرت فصیح اللہ خان نقیب کی ادبی و شعری خدمات کے اعتراف میں ان کے نام سے معنون کیا گیا تھا۔ اس مشاعرے کی صدارت کہنہ مشق شاعر شرف الدین ساحل نے فرمائی، جبکہ اکولہ کے ممتاز شاعر ضمیر احمد ضمیر نے اپنی شگفتہ، شائستہ اور باوقار نظامت کے ذریعے محفل کو ایک خاص ادبی وقار عطا کیا۔ تقدیسی شاعری کی اس عظیم الشان محفل میں ملک کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے ہوئے ممتاز شعرائے کرام نے شرکت کی۔ ان میں سرفراز بزمی، فصیح اللہ خان نقیب، جلیل نظامی ، ریاست علی ریاست، اصغر جمیل، منظور ندیم، شعور آشنا، رفیق شاد ندوی، ، انیس شوق ، التمش شمس، ضمیر احمد ضمیر ،نعیم فراز، انس نبیل، معین ادیب علیمی، ڈاکٹر محب وفا، عرفان ظفر قریشی ، خبیب تابش، فاروق رضا، اسماعیل عطا ، شہزاد انور، معین گوہر اور اظہار راشد کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ بانیِ بزم رفیق شاد ندوی نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ اکولہ کی ادبی زرخیزی اور تہذیبی شناخت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اس نوعیت کی علمی و ادبی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ حمد و نعت جیسے مقدس موضوعات پر شعری تخلیقات کے ساتھ ساتھ نثری و تحقیقی کاموں کا فروغ بھی ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کل ہند بزمِ ادب و ثقافت آئندہ بھی اس نوعیت کی علمی، ادبی اور تہذیبی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ آخر میں التمش شمس نے تمام مقالہ نگاروں، شعرائے کرام، صدور، مہمانانِ گرامی اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے کلماتِ تشکر کے ساتھ یہ یادگار ادبی و روحانی اجتماع اختتام پذیر ہوا۔