الفیض فاؤنڈیشن کی جانب سے خاندیش کے ادباء و شعراء کی پذیرائی؛ ادبی، صحافتی اور لسانی خدمات کا شایانِ شان اعتراف عبدالکریم سالار کی زیرِ قیادت باوقار تقریب میں قلم کاروں اور اردو کے خادموں کو اعزازات، اسناد، شال اور نقد انعامات سے سرفراز کیا گیا؛" ’’جو قومیں اپنی جڑوں کی پرورش کرتی ہیں، وہ آنے والی نسلوں کے لیے سایہ دار درخت چھوڑ جاتی ہیں‘‘ جلگاؤں (عقیل خان بیاولی کی رپورٹ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 15, 2026
0
share
کسی زبان کی بقا اور اس کی تہذیبی شناخت کا انحصار محض اس کے بولنے والوں کی تعداد پر نہیں ہوتا، بلکہ ان اہلِ قلم، ادباء، شعراء، صحافیوں اور فنکاروں کی خدمات پر ہوتا ہے جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فکری کاوشوں سے زبان و ادب کے چراغ روشن رکھتے ہیں۔ ان محسنین کی حوصلہ افزائی دراصل اپنی تہذیبی جڑوں کو مضبوط کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے علمی و ادبی ورثہ محفوظ کرنے کا عمل ہے۔ اسی فکر اور جذبے کے تحت الفیض فاؤنڈیشن جلگاؤں کے روحِ رواں، ممتاز ماہرِ تعلیم، علم دوست اور فروغِ اردو کے علمبردار الحاج عبدالکریم سالار کی دیرینہ کاوشوں کے نتیجے میں 14 نومبر کو جلگاؤں میں ضلع کے ادباء، شعراء، صحافیوں اور اہلِ قلم کی پذیرائی کے لیے ایک پُروقار سالانہ تقریب منعقد ہوئی۔ الحاج عبدالکریم سالار کی زیرِ قیادت منعقدہ اس تقریب میں ضلع جلگاؤں اور خاندیش کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات کو ان کی ادبی، صحافتی، شعری اور لسانی خدمات کے اعتراف میں اعزازات، توصیفی اسناد، شال، گل اور نقد انعامات پیش کیے گئے۔ اس موقع پر مہتاب عالم (بھوپال)، اعجاز احمد عبدالغفار ملک، ڈاکٹر فرید احمد خاں (ممبئی)، ایڈوکیٹ عقیل اسماعیل، عبدالعزیز سالار، ظفر شیخ (پنچ)، شکیل حسرت، مشتاق احمد سالار سمیت متعدد علمی، ادبی اور سماجی شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں نشانِ الفیض اعزاز سے مہتاب عالم (بھوپال)، ڈاکٹر فرید احمد خاں (صدر اردو کارواں، ممبئی) اور ہارون عثمانی (بھساول) کو سرفراز کیا گیا، جبکہ نوجوان قلم کار عاطف عدنان اور اسید اشہر (جلگاؤں) کو بھی ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں اعزازات پیش کیے گئے۔ محبِ اردو اعزاز ڈاکٹر مہندر کمار پگارے، ڈاکٹر مول چند اداسی اور سنیل کمار ہسوانی کو دیا گیا۔ اسی طرح شعری و ادبی خدمات کے اعتراف میں ریس فیض پوری کو سیف بھساولی ایوارڈ برائے شاعری، راغب بیاولی کو مقیم اثر ایوارڈ برائے شاعری اور قیوم اثر کو فاروق اعظمی ایوارڈ برائے افسانہ و شاعری تفویض کیا گیا، جبکہ صحافتی خدمات کے اعتراف میں صلاح الدین ادیب کو شمس اعجاز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تمام اعزاز یافتگان کو مومینٹو، شال، گل اور گیارہ ہزار روپے کے نقد انعام سے بھی سرفراز کیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید احمد خاں (اردو کارواں، ممبئی) نے کہا کہ جو قومیں اپنے ادیبوں، فنکاروں، صحافیوں، شاعروں اور اپنی زبان کی قدر نہیں کرتیں، وہ دراصل اپنے وجود کی جڑیں کمزور کرتی ہیں۔ جس معاشرے میں قلم کی سیاہی، علم کے چراغ اور ہنر کی آواز کو اہمیت نہ دی جائے، وہاں ترقی کی عمارت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہلِ قلم کی قدر افزائی محض انفرادی حوصلہ افزائی نہیں بلکہ پوری قوم کے فکری اور تہذیبی مستقبل کی حفاظت ہے۔ مہتاب عالم (بھوپال) نے الحاج عبدالکریم سالار کے اس ادبی و فلاحی اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کی اصل دولت اس کے محلات، عمارتیں یا خزانے نہیں، بلکہ وہ ذہن ہوتے ہیں جو نئی راہیں تلاش کرتے ہیں، وہ قلم ہوتے ہیں جو تاریخ رقم کرتے ہیں اور وہ فنکار ہوتے ہیں جو اپنی ثقافت کے رنگ آنے والی نسلوں کے حوالے کرتے ہیں۔ اہلِ علم و فن کی سرپرستی دراصل قوم کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ اپنے صدارتی خطاب میں تعلیمی مصلح اور اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالکریم سالار نے کہا کہ وقت کے ساتھ عمارتیں تعمیر ہوتی ہیں اور دولت ہاتھ بدلتی رہتی ہے، لیکن فنکار کا فن، ادیب کی تحریر اور شاعر کے خیالات صدیوں تک زندہ رہتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن حکمرانوں اور معاشروں نے اہلِ علم و فن کی قدر کی، ان کے نام تہذیب و ادب کے سنہری اوراق میں محفوظ ہوگئے۔ فنکار محض تصویریں نہیں بناتے بلکہ زمانے کا چہرہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اسی طرح لکھنے والے صرف الفاظ نہیں رقم کرتے بلکہ قوموں کے افکار و نظریات کو نئی سمت اور آواز عطا کرتے ہیں۔ انہوں نے الفیض فاؤنڈیشن اور بزمِ اردو ادب کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب محض تقسیمِ انعامات کا پروگرام نہیں بلکہ ادب و فن کے آنگن میں روشن کیا جانے والا ایسا چراغ ہے جس کی روشنی آنے والی نسلوں تک پہنچے گی۔ جلگاؤں ضلع کی ممتاز شخصیات کو ٹرافیوں اور نقد انعامات سے نوازنا ان کی عمر بھر کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور بے لوث خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ تاریخ پڑھتے ہیں، کچھ تاریخ لکھتے ہیں، لیکن چند خوش نصیب ایسے بھی ہوتے ہیں جو تاریخ سازوں کو تاریخ میں جگہ دیتے ہیں۔ آج کی یہ تقریب اسی بلند فکری رویے کی عکاس ہے۔ الحاج عبدالکریم سالار نے نئی نسل، بالخصوص جنریشن زی، کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا کی چکاچوند میں نوجوان اکثر اپنی زمین کے حقیقی علمی و ادبی ستاروں سے ناواقف ہوتے جا رہے ہیں۔ ایسے اعزازی پروگرام ان کے لیے مینارِ نور کی حیثیت رکھتے ہیں، جو انہیں بتاتے ہیں کہ خاندیش کی مٹی نے ایسے گوہرِ نایاب پیدا کیے ہیں جنہوں نے اپنے قلم، علم اور صلاحیتوں سے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ نئی نسل کو کامیاب شخصیات کی کہانیوں کے ساتھ ان کی جدو جہد، شب بیداری، خاموش قربانیوں اور علمی وراثت سے بھی واقف کرانا ضروری ہے، کیونکہ جو نسل اپنے اسلاف کے کارناموں پر فخر کرنا سیکھتی ہے، وہی اپنے مستقبل کی تعمیر کا حوصلہ پیدا کرتی ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے ایک فکرانگیز جملے کے ذریعے اپنی بات کو سمیٹا: ’’درخت کی پہچان اس کی شاخوں کی اونچائی سے نہیں، بلکہ اس کی جڑوں کی مضبوطی سے ہوتی ہے۔‘‘ ان کا یہ پیغام دراصل اپنی زبان، تہذیب، علمی ورثے اور اہلِ قلم سے وابستگی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ مشتاق احمد سالار کے رسمِ تشکر پر اس پُرشکوہ ادبی تقریب کا اختتام ہوا۔ پروگرام کی کامیابی میں افتخار غلام رسول کی برجستہ، شگفتہ اور مؤثر نظامت نے کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس طویل پروگرام میں انہوں نے اپنی دل نشیں گفتگو اور ادبی اندازِ نظامت سے سامعین کو پوری طرح محظوظ رکھا، جبکہ صابر مصطفیٰ آبادی کی موقع بہ موقع شمولیت نے محفل کی ادبی فضا کو مزید دلکش بنا دیا۔