فکــــــــــــــــــــــــــــــر امروز
عزت کی دھجّیاں
حافظ محمد غفــــــران اشرفی
(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام)
📱 7020961779
یہ دورِ پرفتن ہے جس میں ہر چہار جانب سے قوم کی بیٹیوں کی عزت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ایسے ماحول میں علماے حق کو آگے آکر اُن بے باک اور نڈر لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔جو لوگ بڑی بے باکی سے بے حیائی کو فروغ دے رہے ہیں اور نوجوان لڑکیوں کو آزاد خیال بنانے کی بے ہودہ سازش کررہے ہیں۔مجھے اِس بات کا بخوبی علم ہے کہ یہ کام قدرے مشکل ہے اور لوگوں کی ناراضگی کا باعث بھی بالخصوص مساجد کے ٹھیکیداروں کی ناراضگی۔لیکن جب برائیاں معاشرہ میں جڑ پکڑ رہی ہوں تو علما ہی ہیں جو اُن پر روک لگاسکتے ہیں۔ہر دور میں علماے حق نے ہی برائیوں کا خاتمہ کیا ہے اور آج کا ماحول بھی آپ لوگوں کو ہی آواز دے رہا ہے۔یقینا معاشرے میں سب سے زیادہ مظلوم طبقہ علما کا ہی ہے۔جب محلے کے کسی مُکھیا کو گھر کا غصہ نکالنا ہوا تب وہ اپنی زبان طعن علما پر دراز کرکے چلاجاتا ہے۔بہر حال علما ہربل لائف کیئر کی بے حیائی والے معاملے کو اپنے ہاتھ میں لیں اور آگے آئیں۔معاشرے میں ایسی گندھ پھیلانے والی کمپنی کا بائیکاٹ کریں۔اپنی مساجد میں جمعہ سے قبل اِس کمپنی کی خرافات کو اسلامی نکتہ نظر سے سمجھا کر لوگوں کو اِس سے اجتناب کی ترغیب دیں۔مساجد کے ذمہ داران سے کہوں گا وہ اپنے ائمہ کو بیان کے معاملہ میں آزاد کریں تاکہ ائمہ بے باکی اور حق گوئی کے ساتھ معاشرے کی برائیوں پر تبصرہ کرسکیں۔نیز اُن کے بیان پر اگر کوئی انگشت نمائی کرتا ہے تو بجاے اعتراض کرنے والے کے ساتھ ڈھول پیٹنے کے اپنے امام کی طرف سے حمایت کے طور پر کھڑے ہوں۔ورنہ کب کس کے گھر کی بیٹی کی عزت کی دھجیاں اُڑ جائیں کس کو پتہ۔۔۔۔۔
اخیر میں ایسے کاموں کو فروغ دینے والے ماڈلنگ شو اور مذکورہ فٹنیس کلب کے ذمہ داروں سے پوچھنا چاہتا ہوں آخر آپ ایسا کیوں کرتے ہو؟صرف چند سکّوں کی خاطر!!!جب کہ اگر آپ مسلمان ہوتو آپ کو پتہ ہوگا کہ سکّوں سے بہت زیادہ اہم ہمارا ایمان ہے۔آپ کیوں اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہو؟کسی کی بہن بیٹی کو بر سرِ منبر لاکر اُن کی عزت کو خراب کرنے سے پہلے اپنے گھر میں بھی نظر کرلیں کہ ہمارے گھروں میں بھی بیٹیاں ہیں۔اگر اُن کے ساتھ کسی نے کوئی غلط حرکت کی تو آپ کی کیفیت کیا ہوگی؟بس وہی کیفیت ایک مومن کی اُس وقت ہوتی ہے جب ہماری بہنیں آپ جیسے دین بیزار لوگوں کی ایما پر بے حیائی کا ارتکاب کرتی ہیں۔خدارا!!!باز آجائیے کاروبار کیجئے سیدھا سادھا اور صاف ستھرا شریعت مطہرہ کے دائرے میں رہ کر۔
(جاری)



