اچل پور کے 14 محلّوں کے نام تبدیل کرنے کی تجویز پر حکومتی کارروائی شروع رکن اسمبلی پروین تاوڑے کی سفارش پر ریاستی حکومت کی متعلقہ محکمے کو ہدایت؛ حتمی منظوری کے بعد نئے نام ہوں گے نافذ
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 21, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر کے تاریخی شہر اچل پور کے 14 محلّوں کے نام تبدیل کرنے کی تجویز نے اب سرکاری سطح پر کارروائی کی شکل اختیار کرلی ہے۔ اچل پور-پرتواڑہ کے رکن اسمبلی پروین تاوڑے کی جانب سے پیش کردہ اس تجویز پر ریاستی حکومت نے متعلقہ محکمہ کو ضابطے کے مطابق ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ تاہم، یہ واضح رہے کہ فی الحال ناموں کی تبدیلی کو حتمی منظوری حاصل نہیں ہوئی ہے اور تمام قانونی و انتظامی مراحل مکمل ہونے کے بعد ہی نئے نام نافذ کیے جاسکیں گے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق رکن اسمبلی پروین تاوڑے نے 24 اگست 2026 کو وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے سامنے اچل پور-پرتواڑہ کے 14 محلّوں کے نام تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس تجویز پر کارروائی کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے محکمہ محصولات و جنگلات نے 19 نومبر 2026 کو امراوتی کے ڈویژنل کمشنر کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ تجویز کے مطابق شہر کے مختلف محلّوں کے موجودہ ناموں کی جگہ عظیم شخصیات، مذہبی و تاریخی شخصیات، قومی رہنماؤں اور تحریک دینے والی شخصیات سے منسوب نام رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ ناموں کی تفصیلات درج ذیل ہیں ، 1. سلطان پورہ — مہاویر پیٹھ 2. عباس پورہ — امبا پیٹھ 3. بیگم پورہ — شری رام نگر 4. بیلن پورہ — ویر ساورکر نگر 5. محراب پورہ — کسان پیٹھ 6. باغبان پورہ — گوکل دھام 7. سرمس پورہ — بھوانی نگر 8. ولایت پورہ — چھترپتی سمبھاجی نگر 9. مغلائی — ایودھیا نگر 10. ہیرا پورہ — ہنومان نگر 11. قاصد پورہ — ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نگر 12. بیابانی — شہید عبدالحمید نگر 13. بودھی کھا چوک — استاد بسم اللہ خان چوک 14. سرائی پورہ — کیشو نارائن نگر
حکومتی ہدایات کے مطابق ناموں کی تبدیلی سے متعلق آئندہ کارروائی مقامی خود مختار اداروں کے ذریعے مکمل کی جائے گی۔ اس کے لیے مقررہ ضابطوں اور قانونی تقاضوں کی تکمیل ضروری ہوگی۔ تمام مراحل مکمل ہونے اور مجاز حکام کی حتمی منظوری کے بعد ہی نئے ناموں کے نفاذ کا راستہ ہموار ہوگا۔ قابلِ ذکر ہے کہ اچل پور برار خطے کا ایک قدیم اور تاریخی شہر ہے، جس کی شناخت صدیوں پر محیط تہذیبی، سماجی، تجارتی اور ثقافتی روایات سے وابستہ رہی ہے۔ شہر کے محلّوں کے روایتی نام بھی اس کے تاریخی ماضی اور مقامی تہذیبی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایسے میں 14 محلّوں کے ناموں کی مجوزہ تبدیلی کا معاملہ شہر کی تاریخی شناخت اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ رکن اسمبلی کی تجویز پر حکومتی ہدایت جاری ہونے کے بعد اب تمام نگاہیں آئندہ انتظامی کارروائی اور حتمی فیصلے پر مرکوز ہیں۔