کھام گاؤں، جو قوم اپنی تاریخ سے ناآشنا ہے، وہ نئی تاریخ رقم نہیں کرسکتی عبیداللہ اعظمی بیداریِ ملت کانفرنس کا کامیاب انعقاد، اجمل خان کو کیا گیا اعلیٰ حضرت ایوارڈ سے سرفراز کھام گاؤں (واثق نوید کی رپورٹ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 22, 2026
0
share
حضرت ٹیپو سلطانؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر 21 نومبر کی شب بعد نمازِ عشاء مستان چوک کھام گاؤں میں بیداریِ ملت کانفرنس کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ کانفرنس کی سرپرستی سید ذکی نقشبندی نے کی، جبکہ صدارت کے فرائض سید شہنواز الدین ذوالفقاری نے انجام دیے۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی اور مقررِ خصوصی کی حیثیت سے سابق رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر مولانا عبیداللہ اعظمی نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبیداللہ اعظمی نے قوم کی تاریخ، تعلیمی بیداری اور نوجوان نسل کی تعمیر و ترقی پر نہایت اہم اور فکرانگیز گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’جو قوم اپنی تاریخ سے ناآشنا ہے، وہ قوم اپنی نئی تاریخ نہیں بنا سکتی۔‘‘ انہوں نے حضرت ٹیپو سلطانؒ کی زندگی، ان کی جدوجہد اور تاریخی کردار کے تناظر میں نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے واقف ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا اعظمی نے کہا کہ حضرت ٹیپو سلطانؒ کی تاریخ محض ماضی کے واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ اس میں موجودہ نسل کے لیے جدوجہد، حوصلے، خودداری اور عزم و استقلال کے بے شمار پیغامات پوشیدہ ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تاریخ کا مطالعہ کریں، اپنے اسلاف کی قربانیوں سے سبق حاصل کریں اور علم و تعلیم کو اپنی زندگی کا بنیادی مقصد بنائیں۔تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قوم کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی تعلیم کے بغیر نامکمل اور ناقص رہتی ہے۔ تعلیم ہی وہ بنیادی ذریعہ ہے جس کے ذریعے قومیں شعور، خود اعتمادی اور ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید علوم کے حصول کے ساتھ اپنی تہذیبی، تاریخی اور اخلاقی اقدار سے بھی وابستہ رہیں۔ ان کے خطاب کا مرکزی پیغام یہی تھا کہ قوم کی حقیقی بیداری کا راستہ تعلیمی ترقی اور تاریخی شعور سے ہوکر گزرتا ہے۔ کانفرنس میں شہر کھام گاؤں اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اہلِ سنت والجماعت کھام گاؤں کے صدر اجمل خان ابراہیم خان کی دینی، ملی اور مسلکی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے علمائے اہلِ سنت والجماعت اور نوجوانانِ اہلِ سنت والجماعت اکولہ کی جانب سے انہیں ’’اعلیٰ حضرت ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا گیا۔ یہ اعزاز مولانا عبیداللہ اعظمی کے دستِ مبارک سے پیش کیا گیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں جامعہ غوثیہ ہادی العلوم اور نوجوانانِ اہلِ سنت کھام گاؤں نے نمایاں محنت اور تعاون کیا۔ مجموعی طور پر یہ کانفرنس حضرت ٹیپو سلطانؒ کی تاریخی جدوجہد کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ملت میں تعلیمی شعور، تاریخی آگہی اور نئی نسل کی فکری و علمی تعمیر کا پیغام دینے میں اہم رہی۔ x