حافظ و عالم مولانا سعید احمد صاحب کی پچاس سالہ خدمات کا اعتراف
عمران جمیل
اللہ کے نزدیک روے زمین پر سب سے زیادہ پسندیدہ جگہیں مساجد ہیں.. مساجد کو نمازوں سے ذکر و اذکار سے، دینی کام و صالح معاشرتی نظام سے متعلق وعظ و نصیحتوں سے آباد رکھنے کی بےپناہ فضیلتیں ہیں.. نیتیں اور ارادے نیک رکھنے کے باوجود اچھے خاصے مصلّی بھی ایک ہی مسجد میں کبھی کبھار پانچ وقت کی نماز نہیں ادا کرپاتے تو ذرا سوچئے مساجد کے ائمہ و موذنین کے استقلال کے بارے میں کہ موسم کی سختیوں و طبعیت کی نا سازیوں کے باوجود بھی پنج وقتہ نمازوں کی متعینہ وقت پر امامت کے فرائض اکثر پوری زندگی ایک ہی مسجد میں انجام دے لیتے ہیں..نیز بندگانِ توحید کو پانچ وقت حی الصلوۃ کی دعوت سے اللہ کے گھر میں بلاتے ہیں...نہایت خوشی کا مقام ہیکہ سن 1919 میں قاری طیب کے ہاتھوں سے ٹیکم لگانے کی سعادت سے سرفراز ہونے والی اسلامپورہ نئی مسجد کے امامِ محترم حافظ سعید احمد حاجی عبدالستار صاحب نے پچاس برس پنج وقتہ نمازوں و تراویح کی خدمات انجام دی..حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہیکہ اللہ کے رسول صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو لوگ اندھیروں میں بکثرت مسجدوں کو جاتے رہتے ہیں اُن کو قیامت کے دن پورے پورے نور کی خوشخبری سنا دو ( ابو داود)
پچاس برس کا عرصہ کوئی معمولی عرصہ تو نہیں ہوتا ہے..اس طویل عرصے میں نہ صرف تین نسلوں کے مقتدی اور شبینہ مدرسہ کے مولانا کے شاگرد بدلتے گئے بلکہ دنیا کی ترقی کے ساتھ شہر کے اور محلے کے حالات بھی بدلتے گئے. اَخلاقی و سماجی قدریں بھی بدلتی گئیں لیکن سراج ملا، مولانا طاہر خان و مولانا عبدالباری صاحبان کے بعد 1970 سے حافظ و عالم مولانا سعید احمد حاجی عبدالستار صاحب کی امامت کا جو سلسلہ شروع ہوا تو وہ آج تک عافیت کے ساتھ قائم ہے..کسی بھی ادارے یا مینجمنٹ کے اراکین میں نظریاتی اختلافات سے ہم بالکل بھی انکار نہیں کرسکتے اکثر انہی اختلافات کی وجہ سے کچھ بہتر فیصلے عوام کے حق میں آجایا کرتے ہیں..1965 میں مدرسہ مہد ملت سے مولانا سعید احمد صاحب فارغ ہوئے تب مولانا احمد جان صاحب شیخ الحدیث تھے سعید حافظ صاحب کے کلاس فیلو معلم الحجاج حسین احمد ملی صاحب تھے اُس وقت مسجد کے احاطے میں موجود پپہیے کے درخت کی وجہ سے مسجد پپہیے والی مسجد کے نام سے جانی جاتی تھی اور آج بھی یہی نام مشہور ہے تب محمد صدیقی فارانی (ڈاکٹر سعید فارانی کے والد) ابراہیم کلر، حاجی محمد حنیف کارواں، محمد صدیق لال بال والے،شکیل سیٹھ حبیب اللہ(حبّی سیٹھ) صدیق بانگی صاحبان مسجد کے ٹرسٹی تھے یہی وہ باڈی تھی جس نے سعید حافظ صاحب کا مسجد کی امامت کے لئے انتخاب کیا اُس وقت کی باڈی اور بعد کے ٹرسٹیوں (مختار بھائی، سعید حافظ نبی بخش، زین انصاری، عبدالطیف سیٹھ برف والے، عبدالودود سیٹھ بکھار والے ،عثمان غنی حبیب اللہ اور جلیل احمد جلیلی صاحبان) کی دوراندیشی منصفانہ مزاج اور حافظ سعید احمد صاحب سے بہترین تال میل کی مثال ہے تبھی تو حافظ سعید احمد جیسے قناعت پسند، نظم و ضبط کے حامل، وقت کے پابند، سادگی پسند، صاف گو، بردبار عالم بہ عمل حافظ کو نہ صرف اپنے محلے کی مسجد کے لئے منتخب کیا بلکہ دونوں طرف سے ایک دوسرے کا احترام اس قدر غالب رہا کہ اس طویل عرصے میں مولانا محترم کی کبھی بھی کسی بھی ٹرسٹی سے نہ تلخ ترش ہوئی نہ ہی ٹرسٹیان کو کبھی مولانا سے کسی قسم کی شکایت رہی. سمجھداری اور معاملہ فہمی کی یہ وہ عمدہ مثال ہے جس کی تعریف کے حق دار ہر دَور ٹرسٹی بھی ہیں اور بےشک مولانا محترم بھی ہیں کہ جنکے کردار کی عظمت کی گواہی پچاس برس سے نئی مسجد (پپہیے کی مسجد) کے منبرو محراب بھی ہیں اور مسجد میں پانچ وقت کی نمازیں ادا کرنے والے تین نسلوں کے مصلیان بھی ہیں..
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
شخص سے شخصیت بننا دو چار برس کی بات نہیں ہوتی حافظ سعید احمد صاحب نجیب الطرفین نیک و صالح والدین کی اولاد ہیں آپ کے والدِ محترم حاجی عبدالستار صاحب (سوسائٹی والے) جنہیں محمد حافظ صاحب(جونی مسجد اسلام پورہ) کی صحبتِ صالح ملی انکی سوت کی دکان تھی والد محترم ہمیشہ مسجدومدارس کے تعلق سے فکر مند رہا کرتے تھے مساجدو مدارس سے لگاو اور خدمت کا جذبہ حافظ سعید احمد صاحب کے بھائیوں میں بھی اس قدر موجزن رہا کہ آپ بڑے بھائی عثمان غنی صاحب اور نثار مولانا صاحب کے مساجد سے لگاو و انتظامی امور کو احسن طریقے سے انجام دینے کی اُن کی کوششوں سے جونی مسجد اسلام پورہ کے تین نسلوں کے مصلیان و اہل محلہ بخوبی واقف ہیں.. ہمارا شہر مولوی عثمان، مولانا نعمانی، مولانا یعقوب اشرفی، حافظ تجمل، حافظ مدار بخش، حافظ سعید احمد جامع مسجد، مولانا حنیف ملی، مولانا محفوظ الرحمن صاحبان کا شہر ہے کہ جنکی دینی بصیرت زورِخطابت فہم و فراست اور مساجد و مدارس سے وابستگی سے دنیا واقف ہے انہی اسلاف کےنقش قدم پر ثابت قدمی سے رہتے ہوئے حافظ سعید احمد صاحب اپنی نوجوانی میں حاجی رجب علی (میرے پردادا) اور اسحاق منشی صاحبان کے ساتھ چاندوڑ تبلیغی جماعت کے ساتھ تشریف لے گئے اس طرح عالمیت، حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ دین کی دعوت و تبلیغ کو بھی عملی طور پر اپنے ساتھیوں غلام مرتضی، بشیر بھائی، حنیف حاجی رنگاڑی، حاجی عبدالودود صاحبان کے ساتھ وقتاً فوقتاً کرتے رہے.کئی بڑے تبلیغی اجتماعات میں نئی مسجدکے مصلیوں کے ساتھ اُنکی خدمات کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے..موذن عبدالقدوس صاحب کے ساتھ آپ کا طویل عرصہ ساتھ رہا.. اُس وقت ایکدوسرے کے مسلکی نظریات کا بڑا احترام تھا آپ کے قریبی دوستوں میں مولانا زید ایوبی (جماعت اسلامی) مولانا ادریس ملی، مولانا محمد یاسین ذوق اختر، حمزہ پریس والے اور مولانا جمیل قاسمی صاحبان ہیں. چند نظریاتی اختلافات کے باوجود آپ سب کی دوستی مثالی دوستی ہے..جب 1966 آپ کا نکاح قاری محمد حسن صاحب (ڈاکٹر خلیل کے والد صاحب) کی صاحبزادی سے ہوا تب زمانے کو یہ اندازہ نہیں رہا ہوگا کہ نام و نمود کو ناپسند کرنے والے حافظ سعیدصاحب نئی مسجد میں نہ صرف نمازوں ( پنج وقتہ نماز اور نمازِ تراویح) کی امامت کا فریضہ انجام دیں گے بلکہ" اصلاح المسلمین ادارہ " کے ذریعے دوستوں کے ساتھ فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیتے جائیں گے.. دنیا کی سب بڑی ذمہ داری وقت پر اذان دینا اور امامت ہے اہل محلہ گواہ ہیں کہ جب شادی بیاہ و دیگر تقریبات میں جانے کا موقع آن پڑے تب نماز و امامت کی فکر کی بےچینی آپ کے چہرے و گفتگو سے عیاں ہوہی جاتی تھی پچاس برس کے عرصے میں چند بار ہی ایسا ہوا ہے کہ نہایت واجبی ضرورت کے تحت آپ امامت نہ کر پائے..آپ سے محبت و عقیدت کی بناء پر مسجد کے کئی اہم کام بھی صاحبِ حیثیت مصلیوں کے ذریعے ہوتے گئے... کثیرالعیال گھرکے ہوتے آپکی تعلیم و تربیت اپنی اولادوں کے تئیں ایسی رہی کہ بچے کسب حلال کو کشید کرتے ہوئے حافظ بھی ہوے اور عالم بھی آپکے صاحبزادوں میں مولانا عبدالحمید (رحمانی مسجد) مولانا عبدالعزیز وغیرہ کل چھ لڑکے اور سات لڑکیاں ہیں چار عالم و حافظ ہیں نیز پانچ پوتے حافظ ہیں ماشاءاللہ. دو حج و دو عمرے کی سعادت سے سرفراز حافظ سعید احمد صاحب اور آپ کی شریک حیات کی اپنے گھر کو مثالی گھر بنانے میں بڑی قربانیاں ہیں..حافظ صاحب نے اپنی ملاقات میں رقت آمیز انداز میں اپنے والدین اور اُنکی تربیت کو یاد کیا اور ہر حساس دل کی طرح آپ کو بھی موجودہ نسل کے بڑوں کے تعلق سے خراب اندازِ گفتگو، نافرمانیوں بھرے رویوں اور رخصت ہوتے ہوئے ادب و احترام کے تعلق سے نہایت فکر ہے..بہر کیف ضعیفی ایک تلخ حقیقت ہے پچاس برس تک عافیت و صحت کے ساتھ اللہ کی رحمت سے امامت کے فرائض انجام دے لینا یہ سعادت کم ہی لوگوں کو نصیب ہوتی ہے.. دل و دماغ اس بات کو قبول ہی نہیں کرپا رہا ہیکہ اَب ہم سب حافظ سعید احمد صاحب کی رقت آمیز خوش الحان قرات کو اللہ اکبر و سمیع اللہ لمن حمدہ کی مانوس آواز کو اب سن نہیں سکیں گے. اللہ سبحانہ تعالیٰ نئی مسجد کے امامت کے مصلے کو بہترین متبادل عطا فرمائے اور ہم سب کے ہر دل عزیز میرے اُستادِ محترم حافظ سعیداحمد صاحب کو مع اہل وعیال دونوں جہاں میں بہترین جزاے خیر عطا فرمائے نیز نئی مسجد کے ٹرسٹیوں اور پروگرام کمیٹی کے جملہ مخلص دوست احباب کو انکے اس ترغیبی و محبت بھرے قدم کی وجہ سے دونوں جہاں میں عظیم الشان کامیابی سے سرفراز کرے. آمین.
تمہارے ساتھ یہ موسم فرشتوں جیسا ہے
تمہارے بعد یہ موسم بہت ستائے گا
31 دسمبر بروز جمعرات بعد نماز عشا حافظ سعید احمد صاحب کے الوداعی تقریب میں شرکت کی مودبانہ گذارش ہے..