فکــــــــــــــــــــــــــــــر امروز
عزت کی دھجّیاں
قوم کی بیٹیوں کو روپیوں کا لالچ دے کر بے پردہ کرنا مذہب کے ساتھ غداری ہے
حافظ محمد غفــــــران اشرفی
(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام)
7020961779
جو کچھ آپ نے گزشتہ کے مضامین میں پڑھا ہے یہ سب چھپ چُھپا کر بہت دنوں سے چل رہا تھا ہمارے سامنے اب عیاں ہوا ہے۔بلکہ ہنگامہ ہونے کے بعد کمپنی والے چالاکی سے کام لے رہے ہیں۔ایک وائس ریکارڈنگ کے ذریعہ مجھے اِس بات کا علم ہوا کہ اتنا سب کچھ ہونے کے بعد بھی کمپنی والوں کے حوصلے کتنے بلند ہیں۔کہ وہ اب ایسے لوگوں کو اپنے گروپ میں شامل کریں گے جو اُن کے اعتماد کے لوگ ہوں اور جن کے سر پر پیسے کمانے کا یا اپنی آزاد زندگی گزارنے کا بھوت سوار ہو جو ایسی بے حیا تقریبات کا بھانڈا نا پھوڑ سکیں۔یعنی جو بے حیائی ہر ہفتے پندرہ دن پر ہورہی تھی وہ ہوتی رہے گی اُس میں کوئی کمی نہیں کی جاے گی۔اُس پر کمپنی کے لوگوں کو کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔میں اپنے شہر کے بااثر علماے کرام اور غیور مسلمانوں سے کہوں گا ایسی کمپنی کا مکمل بائیکاٹ کریں۔بالخصوص خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے کمپنی کی کسی بھی برانچ میں موٹاپا کم کرنے کی دوا نوشی کے لیے جانے پر روک لگائیں۔طبّ نبوی میں کھانے کا جو طریقہ بتایا گیا ہے اُس کو اپنی زندگی میں شامل کریں کبھی موٹاپا نہیں آسکتا۔ویسے بے حیائی اور ننگا ناچ کا یہ نیا معاملہ نہیں ہے۔ابھی چند ماہ قبل ایسی ہی عزت کی دھجّیاں بکھیرنے والی ایک تقریب شہر کے بالکل وسط میں ماڈلنگ شو کے نام سے منعقد ہوئی تھی۔جس میں مسلم بچیوں نے نیم عریاں لباس میں اپنی بے حیائی کا مظاہرہ کیا تھا۔دوسروں کے حُسن سے مرعوب ہوکر ہماری بچیوں کو بھی خوبصورت بننے اور اپنے جسموں کی نمائش کرنے کا شوق اتر آیا ہے۔شو کے بعد اُس وقت کافی ہنگامہ بھی ہوا تھا۔نتیجتا اُس تقریب کا انعقاد شہر کے وسط میں تو ہونا بند ہوگیا ہے۔البتہ دوسرے علاقوں میں اب بھی ماڈلنگ شو کی تقریب کا انعقاد ہورہا ہے۔جس میں ہماری بچیاں نیم عریاں لباس پہن کر اپنے جسموں کی نمائش کرتی ہیں سامنے مندوبین(آرڈینس)کے طور پر غیر مرد ہوتے ہیں۔یہ ہماری بے حسی اور عدم توجہی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔آگے بھی شاید جنوری کے وسط میں یا اختتام پر شہر میں ماڈلنگ شو کی تقریب ہوگی۔سرپرست حضرات اِس پر توجہ دیں۔ہماری بچّیاں قوم کی امانت ہیں اُن کی عزت مذہب اور قوم کی عزت ہے۔بلکہ قوم کی بیٹیوں کو روپیوں کا لالچ دے کر لوگوں کے سامنے بے پردہ کرنا اور کروانا مذہب کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔اِس لیے بچیوں کے معاملے میں اپنے آپ کو سنجیدہ کرلیں اور اُن کے باہر جانے پر باز پُرس کی عادت ڈالیں تاکہ قوم و ملت کی عزت پر آنچ نا آسکے۔
یہ میرا کام تھا آواز خیر دی میں نے
تمہارا کام ہے لبیک تم کہو نا کہ
(جاری)


