شہر کے ذمہ داروں سے ملاقات اور میلے کے انعقاد کیلئے مختلف مقامات کا معائنہ
مالیگاؤں: امسال نومبر/ دسمبر کے مہینے میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی سرپرستی اور شہر کے تعلیمی و ادبی اداروں زیر اہتمام اردو کتابی و تہذیبی میلے کے انعقاد کو ممکن بنانے کیلئے ایم ایس ای اسکول، قدوائی روڈ پر 7 جنوری کی شب ایک مشاورتی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ معروف ادیب ڈاکٹر الیاس وسیم صدیقی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں انجمن محبان اردو کتب مالیگاؤں کی دعوت پر مالیگاؤں تشریف لائے قومی کونسل کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مالیگاؤں سوسائٹی آف ایجوکیشن، ممبئی جو سن 2014 مالیگاؤں اردو کتاب میلے کی میزبان تھی کے عہدیداران کے علاوہ شہر کے بیسوں ناشرین و کتب فروش، شعراء ادبا و صحافیوں نے اس میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے مجوزہ میلے کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا. حافظ عبداللہ کی تلاوت کے بعد مالیگاؤں اردو کتاب میلہ 2014 کے کوآرڈنیٹر امتیاز خلیل نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور گذشتہ تجربات کی روشنی میں آئندہ کسطرح میلے کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے اس پر روشنی ڈالی۔ جس کے بعد قومی کونسل کے ریسرچ آفیسر و کتاب میلوں کے انچارج شہنواز خرم نے کونسل کی جانب سے مالیگاؤں شہر میں کتابی میلے کے انعقاد کے ارادے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ شہر میں اس سے پہلے جو میلہ ہوا تھا اس سے بڑا میلہ کرنے کیلئے مناسب جگہ اور موزوں تاریخ کے تعلق سے مشورے کیے. انصاری محمد سر نے مہمانوں کے استقبال کے ساتھ یہ بتایا کہ شہر میں کس بیتابی سےلوگ قومی کونسل کے کتاب میلے کا انتظار کررہے ہیں۔ انجمن محبان اردو کتب کے صدر یاسین سر ،نائب صدر محمد شاہین ،اور سکریٹری رحمانی سلیم احمد،معروف شاعر مشتاق احمد مشتاق، مدثر اقراء، شہزاد بخت، اشفاق عمر، امتیاز بھائی اور دیگر حاضرین نے جہاں اپنے مشوروں سے نوازہ وہیں اپنی عملی شرکت کی یقین دہانی کروائی. انجمن محبان کتب کی جانب سے شہنواز خرم ، ذاکر نقوی اور تپنیدر کمار کی خدمت میں گل پیشی کی گئی. کوہ نور میوزک اکیڈمی کی جانب سے بھی مہمانوں کو شال اور گلدستہ پیش کیا گیا۔ شفیق سر کے شکریے کے ساتھ میٹنگ اختتام پذیر ہوئی.


