نئی دہلی:(اُردو لیکس) مکہ میں ایک اسرائیلی جرنلسٹ خفیہ طورپر داخل ہوگیا اوراس نے ایک رپورٹ بناتے ہوئے اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پرپوسٹ کیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صحافی گل تماری سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ کے ان مقامات کا دورہ کررہا ہے جہاں غیر مسلم افراد کا داخلہ منع ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہودی صحافی مسجد الحرام کی طرف سفر کرتا ہے اور جبل رحمت پر بھی چڑھتا ہے، سعودی قوانین کے تحت کسی غیر مسلم کا اس جگہ داخلہ ممنوع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گل تامرے نامی صحافی ناموراسرائیلی چینل کیلئے کام کرتا ہے ، اس نے 2 روز قبل ٹویٹر پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس پرسعودی شہریوں کی جانب سے شدید رد عمل ظاہرکیا جارہا ہے۔ بعد ازاں اسرائیلی صحافی نے معذرت خواہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکہ اور اسلام کی خوبصورتی دنیا کو دکھانا چاہتے تھے تاکہ مذہبی رواداری کو فروغ مل سکے۔
اسرائیلی وزیر ایساوی فریج نے کہا کہ مجھے افسوس ہے ایسا کرنا اور پھر اس پر فخر کرنا ایک احمقانہ حرکت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ صرف ریٹنگ کی خاطر اس رپورٹ کو نشر کرنا غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ تھا۔

