ایک دن خوف نے دروازے پر دستک دی۔جرات اٹھی، دروازہ کھولا تو باہر کوئی نہیں تھا۔
مارٹن لوتھر۔
اپنی زندگی میں ہمیں اکثر اس طرح کی کیفیت کا سامنا ہوتا ہے جب ہمارے ذہن و دل میں خوف ، جھجک، ہچکچاہٹ اور جرات و ہمت کے بیچ کشمکش چل رہی ہوتی ہے۔ جرات و ہمت جیت جائے تو کامیابی اور خوف و جھجک کا شکار ہو جائے تو ناکامی ، شرمندگی اور پچھتاوا۔ ہائی اسکول کی تعلیم کے دوران مرحوم الیاس صدیقی سر صاحب اردو مضمون نویسی سیکھا رہے تھی۔ “سائنس رحمت ہے یا زحمت” اس عنوان پر مضمون لکھنا تھا۔ محترم نے طلبا سے سوال پوچھا کہ اس موضوع پر ایک طالب علم کی حیثیت سے شروعات کیسی کرنی ہے۔
تھوڑا غور کرنے کے بعد ذہن میں تمہیدی خیال آیا کہ شروع میں ایک طالب علم اپنی “قلم” کی مثال سے مضمون کی شروعات کر سکتا ہے کہ قلم سائنس کی ہی ایک ایجاد ہے جس کے ذریعے ہمارے لئے لکھنا آسان ہوا۔ ہچکچاہٹ حاوی ہونے کے سبب کلاس میں کھڑے ہو کر جواب نہیں دے سکا۔ کچھ دیر بعد مرحوم الیاس صدیقی سر نے کہا کہ وہ پچھلے تیس سالوں سے جب کبھی سائنس پر مضمون تحریر کی رہنمائی کرتے ہیں یہی سوال پوچھتے ہیں اور اب تک صرف ایک طالب علم نے بالکل موزوں جملہ کہا تھا ۔
اور مجھے یہ جان کر افسوس ہوا کہ وہ جملہ وہی تھا جو میں نے اپنے ذہن میں سوچا اور جھجک کی وجہ سے کلاس میں کھڑے ہو کر جواب نہیں دے پایا۔ ورنہ آنے والے وقت میں سر میری بھی مثال دیا کرتے۔ زمانہ طالب علمی اور خاص طور پر پرائمری اور ہائی اسکول میں زیر تعلیم طلباء کی بہتر شخصیت سازی کے لیئے ضروری ہے ان میں خود اعتمادی قائم کی جائے۔ جب کلاس میں دوران تدریس طلباء کو اپنی بات کہنے ، سوالات پوچھنے ، وضاحت طلب کرنے اور اپنے نظریات پیش کرنے کا متواتر موقع ملتا رہیگا تو ان میں خود اعتمادی پیدا ہوگی ۔
اکثر طلبا پڑھائی میں کمزور ہونے کے سبب احساس کمتری میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔ یہ احساس نہ صرف طالب علم کے تعلیمی کیرئیر بلکہ آنے والی زندگی کے لئے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس طرح وہ زندگی کے ہر شعبوں میں پیچھے رہ جاتے ہیں ۔ ایسے میں ایک استاد کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ایسے طلبا ء کی نشاندہی کرے اور ان کی مناسب رہنمائی کرے۔ اس طرح طلباء امتحانات میں بہتر پرفارم کر سکتے ہیں۔
انٹرویوز کا سامنا پورے اعتماد سے کر سکتے ہیں۔موجودہ حالات میں ہماری آنے والی نسل کی تربیت کے لئیے یہ انتہائی ضروری ہے کے بچوں اور نوجوانوں کے ذہن و دلوں سے ہر طرح کے ڈر و خوف کے عنصر کو ختم کیا جائے۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ حکومتی محکموں میں آفیسر ان کا سامنا کرتے وقت اچھے اچھوں کی زبان لڑکھڑانے لگتی ہے۔ چاہے جس محکمے سے تعلق رکھنے والا آفیسر ہو بالآخر وہ عوامی خدمتگار ہی ہوتا۔
جب کبھی کسی بھی معاملے کو لے کر آفیسر ان کا سامنا ہو تو خود اعتمادی قائم رکھتے ہوئے بات کی جائے۔ سواری کرتے وقت ٹریفک آفیسر باز پرس کے لئے روک لے تو پر اعتماد ہو کر بات کریں۔ ہاں مگر شرط یہ ہے کہ ہماری جانب سے قانون کی پاسداری میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ یاد رکھئے اپنے ڈر ، خوف اور ہچکچاہٹ پر قابو رکھتے ہوئے پر اعتماد رہ کر مشکل سے مشکل حالات کا سامنا کیا جا سکتا ہے ۔کیونکہ ڈر کے آگے جیت ہے۔
