ہر اک زبان سے پیاری زبان ہے اُردو
ہمارے دیش کی عظمت ہے شان ہے اُردو
زبان ہندی ہو گجراتی ہو کہ انگریزی
ہر اک زبان سے لیتی لگان ہے اردو
ہے انقلاب کا نعرہ ہمیں اسی نے دیا
مہان دیش کی سچ پوچھو جان ہے اُردو
ثبوت ملتا ہے اقبالؔ کے ترانے سے
کہ ایکتا کا مقدس نشان ہے اُردو
ہر اک زبان کے الفاظ جس میں ملتے ہیں
بھری ہے ہیروں سے جو ایسی کان ہے اُردو
مٹھاس شہد کی تہذیبیؔ اس میں ملتی ہے
سبھی کو بھائے وہ شیریں زبان ہے اردو


