ایک مرتبہ اقبال جب گھر پہنچے تو دیکھا کہ گھر کے سامنے سائل کھڑا ہے. لاکھ منت سماجت کی کہ وہ چلا جائے لیکن سائل تھا کہ ہٹتا ہی نہیں. طبیعت میں لا ابالی پن تھا. اسکول سے آئے ہوئے تھے اور ہاتھ میں چھڑی تھی. غصے میں اقبال نے وہ چھڑی سائل کے کانسے کی طرف ماردی. کانسہ مٹی کا تھا. ہاتھ سے چھوٹا اور ٹوٹ گیا. اسی کے ساتھ کانسے میں موجود ساری ریزگاری راستے پر پھیل گئی. سائل اسے اکٹھا کرنے لگا. اقبال کے والد شیخ نور محمد گھر کے اندر سے سارا منظر دیکھ رہے تھے. وہ فوراً باہر آئے. اپنے ہاتھوں سے ریز گاری کو اکٹھا کیا اور اپنے پاس سے چند روپے سائل کو دیے. اپنے بیٹے کی حرکت پر معافی تلافی کی. جب وہ رخصت ہوا تو اقبال کو بازو سے پکڑ کر اندر لے آئے. اقبال کہتے ہیں کہ میں نے ساری زندگی اپنے والد کو یوں بلک بلک کر روتے نہیں دیکھا. انھوں نے مجھے پاس بٹھایا اور کہنے لگے کہ اقبال! بتا قیامت کے دن اگر رسول اللہ ﷺ نے پوچھ لیا کہ تیرا بیٹا فقیروں کے کانسے توڑتا تھا تو میں انھیں کیا جواب دوں گا. کہتے ہیں کہ بس وہی لمحہ تھا جو میری تربیت کا تھا. بلکہ اقبال ساری زندگی کہا کرتے تھے کہ
از پدر تا نام تو آموختم (حضور ﷺ آپ کا نام اور آپ کی محبت میں نے اپنے باپ سے سیکھی ہے.)
پھر اقبال کہتے ہیں
تو غنی از ھر دو عالم من فقیر
روزِ محشر عذر ہائے من پذیر
ور حسابم را تو بینی ناگزیر
از نگاہِ مصطفیﷺ پنہان بگیر
(اے اللہ! میں تیرا فقیر ہوں، تو دو عالم کو عطا کرنے والا ہے۔روزِ محشر میرا عذر قبول فرمانا۔
اگر میرے نامۂ اعمال کا حساب ناگزیر بھی ہو۔
تو پھر اے میرے مولیٰ اسے آقا محمد مصطفٰیﷺ کی نگاہوں سے پوشیدہ رکھنا۔)
یہ انداز فکر اقبال نے کسی تعلیم گاہ یا عظیم الشان یونیورسٹی سے نہیں حاصل کی. یہ انداز تربیت والدین کا تھا. ماں کی آغوش تھی اور باپ کا مشفق رویہ تھا. بچوں کی اخلاقی تربیت کی ذمہ داری آپ کی ہے. اسکول اور مدرسہ بھیج دینے سے ذمہ داریاں پوری نہیں ہوجاتی. اولادوں کی غلطیوں پر فوراً سرزنش کی جائے. انھیں ٹوکا جائے. نادانی میں جس سے فقیر کا کانسہ ٹوٹ گیا تو باپ نے ایسی تربیت کردی کہ پھر اقبال ساری عمر امت کا غم لیے ملت کو جوڑتے رہے.
اقبال کہتے ہیں.
دل نہیں شاعر کا، ہے کیفیّتوں کی رستخیز
کیا خبر تجھ کو، دُرونِ سینہ کیا رکھتا ہوں میں
والدین کی تربیتوں کے سائے ایسا اقبال پیدا ہوا کہ ایک صدی بیتنے کو ہے . آج تک دوسرا اقبال پیدا نہیں ہوا. یوں تو بہت شاعر پیدا ہوئے.
وہ شعراء جو غزلیں لکھتے ہیں، اور مشاعروں میں داد و تحسین وصول کرتے ہوئے پیسہ کماتے ہیں.
اقبال کہتے ہیں
ہند کے شاعِر و صُورت گر و افسانہ نویس
آہ! بیچاروں کے اعصاب پہ عورت ہے سوار!
سوچئے. غور کیجئے. اقبال کو یہ شعور اور انداز فکر کہاں سے ملا. غلط کاموں پر باپ کی پکڑ و سرزنش، اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی. ایک نیک ماں کی تربیت اور مولوی میر حسن جیسے استاذ کی رفاقت سے ایک عام سا محمد اقبال پھر علامہ محمد اقبال بنتا ہے. جسے دنیا آج بھی یاد رکھتی ہے.



