(عابد خان کے ذریعے)ناسک، احمد نگر، بھیونڈی اور مراٹھواڑہ کی جانی مانی روحانی شخصیت اور خادمِ اردو ڈاکٹر مولانا محی الدین امام الدین فاروقی، اپنی عمر کے سترویں سال میں، 12 اگست کی دوپہر ایک بجے حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے اس دار فانی سے کوچ کر گئے،اسی دن،رات گیارہ بجے ہزاروں مداحوں کی موجودگی میں نم آنکھوں کے ساتھ، جہانگیر قبرستان ناسک میں تدفین کی گئی۔ ان کے اچانک چلے جانے سے ان کے ہزاروں چاہنے والوں، سمیت پورے مہاراشٹر میں غم کا ماحول ہے خصوصی طور پراہلِ خانہ کو بہت بڑا صدمہ ہوا ہے.
مولانا فاروقی صاحب ایک سادہ مزاج، مخلص و ملنسار ، مہمان نواز اور سچے اردو دوست تھے۔۔وہ علمی ادبی گھرانے کے وارث تھے،وہ بہترین قاری، حافظ، عالمِ دین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین صحافی اور ماہرِ عملیات بھی تھے.
وہ ہفت روزہ مخدوم کے مالک و مدیر تھے، انھوں نے 1986 میں ہفت روزہ مخدوم کی بنیاد رکھی. جو اس علاقے کا واحد اردو اخبار تھا جو پابندی سے شائع ہوتا تھا، اخبار کے ذریعے اپنے سماج کے مسائل کو انہوں نے پیش کیا اور معاشرے کو متحرک رکھا، سماج کے مسائل کو حکومت سے ذاتی طور پر حل کرنے کی کوشیشیں کرتے رہے. اسی کے چلتے کانگرس پارٹی نے انہیں اس وقت اپنے ساتھ شامل کر لیا تھا.
اس کے بعد انھوں نے اسی اخبار کا بھیونڈی اور احمدنگر ایڈیشن بھی شائع کیا جو آج تک پابندی سے شائع ہوتا ہے۔۔اسی طرح ناسک کی نیشنل ہائی اسکول کے تعلق سے بھی انہوں نے تحریک چلا کرکئی اندولن بھی کئے تھے.جس میں انھیں کامیابی بھی ملی ۔۔ اور آج یہ اسکول ناسک والوں کے زیر اہتمام ہیں۔۔
مولانا ایک اردو دوست تھے ان کے گھر شعراء کا آنا جانا لگا رہتا تھا،نشستیں ہوتی تھی اور تحفے تحائف کے ساتھ ہر کسی کو وداع کرتے تھے۔۔
ان کے پیچھے بیوہ، سات بیٹیاں، ایک بیٹا ، داماد، ناتی، پوتی موجود ہے.
بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعرہ ڈاکٹر قمر سرور کے وہ والد محترم تھے. اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے. ان کی مغفرت کرے، اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔۔آمین یا رب العالمین.....




