مالیگاؤں کی ہونہار طالبہ انصاری عمارہ فردوس کو پنجاب یونیورسٹی سے فزکس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض بعنوان “الٹراسونک اینڈ ولومیٹرک انویسٹی گیشن آف فوڈ پریزرویٹیوز” پر معیاری تحقیقی مقالہ پیش کیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 05, 2026
0
share
مالیگاؤں (ایس این انصاری) شہر مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ انصاری عمارہ فردوس نے جنوری 2026 میں پنجاب یونیورسٹی سے شعبۂ فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے اپنا تحقیقی مقالہ “الٹراسونک اینڈ ولومیٹرک انویسٹی گیشن آف فوڈ پریزرویٹیوز” کے عنوان سے مکمل کیا، جس میں خوراک میں استعمال ہونے والے فوڈ پریزرویٹوز کی صوتی اور حجمی خصوصیات پر معیاری اور اہم تحقیق پیش کی گئی ہے۔ ڈاکٹریٹ کی یہ تحقیق انہوں نے ڈاکٹر کیلاش چندر جگلان کی زیرِ نگرانی مکمل کی۔ انصاری عمارہ فردوس کے تحقیقی کام سے متعلق پانچ تحقیقی مقالات اسکوپس انڈیکس جرنلز میں شائع ہوچکے ہیں، جبکہ چار بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی موصوفہ نے اپنے ان تحقیقی مقالوں کو پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر انصاری عمارہ فردوس ایک دینی و علمی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد جناب واصف اقبال اور والدہ محترمہ یاسمین (ریٹائرڈ ہیڈ، میونسپل کارپوریشن) ہیں۔ ان کے شوہر ڈاکٹر نعمان نبیل ہیں، جبکہ ان کے سسر مرحوم ڈاکٹر محمد ہارون (سابق پرنسپل جے اے ٹی کالج) تھے۔ ڈاکٹر انصاری عمارہ فردوس نے اپنی اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، والدین کی دعاؤں، شریکِ حیات کی حوصلہ افزائی، بہن بھائیوں کی مسلسل حمایت اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی تحقیق کے میدان میں خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر خاندان، اساتذہ، احباب اور قریبی حلقوں کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کی جارہی ہیں۔