کھام گاؤں میں الوداعی و تہنیتی تقریب، علمی و تعلیمی خدمات کا شاندار اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 02, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں شہر میں تعلیمی و دفتری خدمات انجام دینے والی باوقار شخصیات کے اعزاز میں ایک شاندار، پُروقار اور یادگار الوداعی و تہنیتی تقریب کا انعقاد 31 جنوری کو کیا گیا۔
یہ تقریب نصیب لان، ایکتا کالونی، کھام گاؤں کے نہایت خوبصورت، دیدہ زیب اور کشادہ ہال میں منعقد ہوئی، جس کے دلکش ماحول نے پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔
یہ تقریب الحاج لئیق اسلم خان(سینئر کلرک، پنچایت سمیتی کھام گاؤں، سابق صدر کھام گاؤں۔شیگاؤں کرمچاری پت سنتھا)، محمد عارف محمد شفیع(صدر مدرس، ضیا الحق خان نگر پریشد اردو پرائمری اسکول، کھام گاؤں) اور احسان اللہ خان (پرنسپل، ملت ہائی اسکول و جونیئر کالج، کھام گاؤں) کی حسنِ خدمت پر سبکدوشی کے موقع پر منعقد کی گئی۔
تقریب کی صدارت عبدالاحد سر (صدر مدرس، ضلع پریشد اردو بوائز مڈل اسکول، پی۔ راجہ) نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں سبکدوش ہونے والی شخصیات کی تعلیمی، سماجی اور دفتری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مخلص اور باکردار شخصیات اداروں کا اصل سرمایہ ہوتی ہیں۔
تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی محمد فاروق سر (علاقائی نائب صدر)،رضا احمد خان سر (ضلعی نائب صدر)،محمد سلیم پیر محمد (بلاک ایجوکیشن آفیسر، شیگاؤں)، ادریس احمد خان (کیندر پرمکھ، نگر پالیکا کھام گاؤں) کے علاوہ ضلع پریشد و نگر پریشد اردو اسکولوں کے تمام معزز صدر مدرسین شریک رہے۔
اس موقع پر شہر کی نمایاں سماجی و سیاسی شخصیات کی موجودگی نے تقریب کو مزید وقار بخشا۔ پربھاگ نمبر 2 کی نو منتخبہ رکنِ بلدیہ محترمہ نسیم بانو کے فرزند الحاج شہرت خان اور شہر کی معروف سماجی شخصیت انیس جمعدار کا خصوصی اور پُرتپاک استقبال کیا گیا، جس پر حاضرین نے مسرت کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا، جن میں واثق نوید کو مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کی جانب سے ریاستی مثالی مدرس ایوارڈ، محترمہ شمیم بانو محمد حنیف کو AMP نیشنل ایوارڈ فار ایکسیلینس اِن ایجو کیشن اور جلیل ارشد خان کو ضلع پریشد بلڈھانہ مثالی مدرس ایوارڈ ، پر مبارکباد پیش کی گئی۔ مقررین نے ان اعزازات کو اردو تعلیم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ خصوصی بات یہ رہی کہ پروگرام میں کھام گاؤں نگر پریشد اور ضلع پریشد کے اردو اساتذہ کے ساتھ ساتھ پنچایت سمیتی کے وہ اساتذہ بھی شریک ہوئے جو تبادلے کے باعث تعلقہ و ضلع سے باہر جا چکے ہیں۔ ان کی شرکت نے تقریب کو جذباتی اور یادگار بنا دیا۔ یہ کامیاب و تاریخی پروگرام مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا، کھام گاؤں کے عہدیداران و اراکین کی مسلسل محنت، خلوص اور جہدِ مسلسل کا نتیجہ تھا، جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔ آخر میں تمام مہمانوں کے اعزاز میں پُرلطف ضیافت کا اہتمام کیا گیا اور دعا کے ساتھ یہ باوقار تقریب اختتام پذیر ہوئی، جو طویل عرصے تک اردو اساتذہ کی یادوں میں زندہ رہے گی۔