سجن پوری ، ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول میں یومِ جمہوریہ کی شاندار و یادگار تقریب
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 27, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول سجن پوری میں 76واں یومِ جمہوریہ نہایت جوش و خروش، حب الوطنی کے جذبے اور مثالی نظم و ضبط کے ساتھ منایا گیا۔
اس قومی موقع پر اسکول کا ماحول ترنگے کی شان، قومی ترانے کی گونج اور بچوں کے پُرخلوص جذبات سے معمور رہا۔ تقریب کا آغاز صدرِ مدرس کی قیادت میں قومی پرچم کشائی سے ہوا،
جس کے بعد پورے وقار کے ساتھ قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تقریباً 130 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جبکہ والدین اور گاؤں کے معززین کی بڑی تعداد بھی موجود رہی، جس سے تقریب کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔
تقریب کی خاص بات طلبہ کی رنگارنگ اور معیاری پیشکشیں رہیں۔ بچوں نے حب الوطنی پر مبنی تقاریر، ملی نغمے، ایکشن سانگ، انگلش اسپیچ اور رول پلے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
ان پروگراموں کے ذریعے طلبہ نے آزادی کے مجاہدین کی قربانیوں اور آئینِ ہند کی اہمیت کو نہایت مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کمیٹی کی صدر محترمہ ریشمہ بانو گوروے، سرپنچ محترمہ مہرالنسا بیگم بطور مہمانِ خصوصی موجود رہیں۔ ان کے علاوہ شیخ عمران، وسیم بھائی، اعجاز بھائی، اشفاق بھائی، انیس بھائی، عسی بھائی، خلیل بھائی، شیخ سمیر، افسر بھائی اور فیروز بھائی کی موجودگی نے تقریب کو وقار بخشا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معززین اور اساتذہ کرام نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہمیں آئین کی پاسداری، قومی یکجہتی اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پروگرام کی کامیاب نظامت شمیم بانو محمد حنیف نے انجام دی، جبکہ پروگرام کی منصوبہ بندی اور تیاری آفرین بانو عبدالغفار نے نہایت خوش اسلوبی سے کی۔ اظہارِ تشکر جاوید شاہ اور بلال شاہ نے پیش کیا۔قابلِ ذکر ہے کہ پرچم کشائی سے قبل تمام طلبہ کی ایک شاندار ریلی بھی نکالی گئی، جو گاؤں کے مختلف راستوں سے گذری۔ اس دوران قومی نعروں اور ترانوں سے پورا گاؤں گونج اٹھا، اور عوام نے ریلی کو دیدہ و دل سے سراہا۔ آخر میں ملک کی ترقی، امن و بھائی چارے کے لیے دعا کی گئی، اور یہ عظیم الشان تقریب خوشگوار اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔