محمد ضیاالدین کی کتاب پربھنی ضلع آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد کا ڈاکٹر حسین اختر کے ہاتھوں اجراء
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 02, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پربھنی ضلع کی تاریخ، سماجی تشکیل اور تہذیبی ارتقا کو اجاگر کرنے والی اہم اور تحقیقی تصنیف ’’پربھنی ضلع: آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد‘‘ کے مصنف محمد ضیاالدین کی کتاب کی باوقار اجرائی تقریب منعقد کی گئی۔
یہ علمی و ادبی تقریب ڈاکٹر حسین اختر صاحب، کارگزار صدر مہاراشٹرا راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی صدارت میں مکمل ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مہمانانِ خصوصی کے ہاتھوں کتاب کی باضابطہ رسمِ اجرا انجام پائی۔ اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر حسین اختر صاحب نے کہا کہ محمد ضیاالدین کی یہ تصنیف پربھنی ضلع کی آزادی سے قبل اور بعد کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور ثقافتی تاریخ کو نہایت محنت اور تحقیق کے ساتھ پیش کرتی ہے، جوطلبہ، محققین اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک مستند حوالہ ثابت ہوگی۔ تقریب میں بطورِ مہمانانِ گرامی ندیم صدیقی صاحب، ڈاکٹر شیخ اسماعیل صاحب، غلام محمد مٹھو صاحب، محمد غوث زین صاحب اور عرفان آگاہی صاحب کی معزز شرکت رہی، جنہوں نے کتاب کی علمی اہمیت کو سراہتے ہوئے مصنف کو مبارکباد پیش کی اور اردو زبان و ادب کے فروغ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مصنف محمد ضیاالدین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کی تصنیف کا بنیادی مقصد نئی نسل کو اپنے ضلع کی حقیقی تاریخ سے واقف کرانا اور آزادی سے قبل و بعد ہونے والی تبدیلیوں کو محفوظ کرنا ہے۔ انہوں نے تمام سرپرستوں، مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض صابر مصطفیٰ آبادی نے نہایت خوش اسلوبی اور سلیقہ مندی سے انجام دیئے۔ اس موقع پر ہفت روزہ بیڑ اذان کے نمائندے قاضی غوث محی الدین زبیر کی خصوصی شرکت بھی رہی۔ آخر میں دعائیہ کلمات کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے مصنف محمد ضیاالدین کو اس اہم علمی و تحقیقی کارنامے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔