کامیابی کے لئے تعلیم کو ترجیح دینا ضروری ہے ازقلم حافظ عقیل احمد ملی قاسمی بانی و ناظم جامعہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی درے گاؤں۔ 9270062488
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 25, 2026
0
share
برادران اسلام ماہ رمضان المبارک کی آمد اور رخصتی کے ساتھ ساتھ عید الفطر کی تقریباً پورے ملک میں امن و امان کے ساتھ تکمیل بفضل الہی ہوچکی ہے اور وقتی جذبات بھی تقریباً پورے ہوچکے ہیں اب وقت ہے کہ سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے کہ اس درمیان ہم نے کیا پایا کیا کھویا۔
سب سے پہلی بات اگر جائزہ لیا جائے تو یہ تلخ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ہم نے سب سے زیادہ سستی تعلیم کے معاملے میں کی ہے ایک طرف عین رمضان المبارک کے قریب قریب اسکولوں کے امتحانات کا آغاز ہوا جس میں اول مرحلہ میں بارہویں گیارہویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات ہوئے اس درمیان طلباء وطالبات کی حاضری بہت زیادہ متاثر رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جو لمحۂ فکریہ ہے اور اسی کے ساتھ ساتھ اصولی طور پر ان امتحانات کے فوراً بعد اس سے نیچے جماعتوں میں زیرِ تعلیم طلباء وطالبات کے امتحانات کا آغاز ہوجاتا ہے جسے ہمارے شہر کے اردو اسکولوں کے ذمہ داران نے بطور مصلحت کچھ مؤخر کر دیا ہے۔
لیکن اکثر اسکولوں میں مورخہ 26 مارچ بروز بدھ سے جبکہ کچھ اسکولوں میں مورخہ 25 مارچ بروز منگل سے بھی ان امتحانات کے آغاز کی اطلاع موصول ہورہی ہے۔ لہذا تمام ہی برادران اسلام اور خواتین اسلام سے انتہائی مؤدبانہ درخواست کی جاتی ہے کہ اس سمت میں توجہ فرمائیں اور بلاوجہ عید الفطر کی روایتی تعطیلات کی تکمیل کے نام پر بچوں اور بچیوں کو اپنی نانی دادی کے گھر پر روک کر ان کی تعلیم کا نقصان ہرگز ہرگز نہ کریں بلکہ انہیں وقت سے پہلے پیپر کی اچھی طرح گھر پر تیاری کروائیں اور وقت پر اسکول روانہ فرمائیں اور انھیں پوری توجہ کے ساتھ اپنا امتحان دینے کی تلقین کرتے ہوئے انھیں حوصلہ افزاء کلمات کہیں تاکہ ان کا پرچہ اچھا ہو اور بہتر نمبرات سے وہ کامیابی حاصل کرسکیں اور زندگی میں آگے بڑھ سکیں
یاد رہے قوموں کی ترقی بحیثیت قوم اونچے اونچے بول بڑے بڑے جملوں اور بلند بانگ دعووں اور جذباتی نعروں سے نہیں بلکہ تعلیمی پختگی جہد مسلسل عمل پیہم اور مستقل قربانیوں سے بدلتی ہے لہذا اگر ہم بھی ترقی کرنا چاہتے ہیں تو آج کا یہ وقت آباء واجداد کی چلی آرہی روایتوں کی تکمیل پر خرچ کرنے کے بجائے وقتی جذبات کی قربانی دے کر اپنی نسلوں کی تعلیم وتربیت پر خرچ کریں یہی وقت کا تقاضا ہے اور یہی دانشمندی کی بات ہے۔ امید ہے اس سمت میں توجہ دی جائے گی ان شاءاللہ۔ ہماری دعائیں تمام طلباء وطالبات کے ساتھ ہیں اللہ تعالیٰ ہر ایک کو اپنے جائز مقاصد میں بہتر کامیابی عطا فرمائے آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم۔