شیگاؤں ، نوجوان وکیل کی نمایاں کامیابی، ایل ایل ایم (کرمنل لا) میں اول پوزیشن حاصل
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 26, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع بلڈھانہ کے شہر شیگاؤں سے تعلق رکھنے والے ہونہار نوجوان ایڈوکیٹ سید ابو بکر صدیق بن سید محمود نے تعلیمی میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایل ایل ایم (کرمنل لا) میں نمایاں اول مقام حاصل کیا ہے۔ اس نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں انہیں “شری پربھاکر ملہارراؤ کھوٹ پرائز” سے سرفراز کیا گیا۔
یہ باوقار اعزاز 25 مارچ کو منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں ایل ایل ایم فائنل ایئر (2025) میں کرمنل لا گروپ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے پر خصوصی طور پر نوازا گیا۔ اس موقع کو ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ زندگی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ایڈوکیٹ سید ابو بکر صدیق نے اپنی ابتدائی قانونی تعلیم مانک چند پہاڑے لا کالج، اورنگ آباد سے مکمل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بمبئی ہائی کورٹ کے اورنگ آباد بینچ میں معروف قانون داں ایڈوکیٹ سید توصیف یاسین کی رہنمائی میں عملی وکالت کا آغاز کیا۔
دورانِ پریکٹس انہوں نے ایل ایل ایم کی تعلیم جاری رکھتے ہوئے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کی عمدہ مثال قائم کی۔ ان کی روزمرہ مصروفیات نہایت سخت اور منظم رہیں ، صبح کالج، دن بھر ہائی کورٹ میں پریکٹس، اور رات گئے تک قانونی مسودہ نویسی اور تحقیق میں مشغول رہنا ، اسی لگن اور جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے امتیازی کامیابی حاصل کی۔
تعلیمی و قانونی حلقوں نے اس کامیابی کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ سید ابو بکر صدیق کی یہ کامیابی نوجوان وکلاء کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ شہر کے معززین، اساتذہ، دوستوں اور اہلِ خانہ نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔