کھام گاؤں ، عید کے دن افسوسناک سانحہ، نوجوان تالاب میں ڈوب کر جاں بحق
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 22, 2026
0
share
کھام گاؤں ( واثق نوید)
عید کے خوشیوں بھرے موقع پر شہر کھام گاؤں میں ایک نہایت دردناک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک 17 سالہ نوجوان تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ اس سانحہ سے پورے شہر، بالخصوص مسلم سماج میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق برڈے پلاٹ کا رہائشی محمد ارسلان محمد نعیم عید کی نماز کے بعد تقریباً دوپہر ایک بجے کے قریب اپنے دوستوں کے ہمراہ جنونہ تالاب گیا تھا۔ وہاں تیرنے کے دوران پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے باعث وہ اچانک ڈوب گیا۔
ابتدائی طور پر دوستوں نے اسے تلاش کرنے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ طویل تلاش کے بعد شام تقریباً 6 بجکر 30 منٹ پر نوجوان کی لاش تالاب سے نکالی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اگلے دن صبح پوسٹ مارٹم مکمل کیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ضروری قانونی کارروائی انجام دی۔ بعد ازاں 22 مارچ کو صبح 11 بجے کے قریب برڈے پلاٹ کے مسلم قبرستان میں مرحوم کی تدفین عمل میں آئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
عید جیسے مسرت بھرے دن پیش آئے اس المناک حادثے نے برڈے پلاٹ سمیت پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔