سی ٹی ای ٹی اور کیندر پرمکھ امتحان میں پیپل گاؤں راجہ کے اساتذہ کی نمایاں کامیابی
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) تعلیمی میدان میں اپنی محنت اور صلاحیتوں کے باعث پہچان رکھنے والے ضلع پریشد اردو مڈل گرلز اسکول پیپل گاؤں راجہ کے اساتذہ نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔
8 فروری کو بھارت سرکار کی جانب سے منعقدہ سنٹرل ٹیچر ایلیجبلٹی ٹیسٹ (CTET) میں اسکول کے پانچ اساتذہ نے شرکت کی تھی، جن میں سے چار اساتذہ نمایاں کامیابی کے ساتھ کامیاب قرار پائے۔
اس موقع پر اسکول میں ایک مختصر مگر پُر وقار تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت صدر مدرس جناب امیر اللہ خان نے کی۔ تقریب میں کامیاب اساتذہ صمد اللہ خان سر، شیخ جنید سر، مجاہد حسین سر اور رحیمہ باجی کی گلپوشی کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اور ان کی تعلیمی محنت کو سراہا گیا۔ صدر مدرس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کی یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اسی دوران ایک اور اہم کامیابی سامنے آئی جب صمد اللہ خان کے بھانجے اکمام حسین نے کیندر پرمکھ (مرکز پرمکھ) کے مقابلہ جاتی امتحان میں ضلع کے اردو اساتذہ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔ اس کامیابی پر اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور علاقہ کے معززین نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ انسان اپنی پوری زندگی میں مسلسل سیکھ سکتا ہے، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں۔ ساتھ ہی ان اساتذہ کے لیے بھی دعا کی گئی جو چند نمبروں سے کامیابی سے محروم رہ گئے اور انہیں آئندہ مزید محنت کے ساتھ دوبارہ امتحان دینے کی ترغیب دی گئی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق پیپل گاؤں راجہ کی یہ تعلیمی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ سرزمین علم و ادب کی زرخیز دھرتی ہے، جہاں سے ہمیشہ قابل اور باصلاحیت افراد سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس کامیابی سے پورے تعلیمی حلقے میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔