بلڈھانہ ، ریاض انور بلڈھانوی کے طفلی مجموعہ “سمن زار” کو ریاستی سطح پر اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستی سطح پر ادبِ اطفال کے میدان میں ضلع بلڈھانہ کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ مہاراشٹر ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے سال 2023 اور 2024 میں شائع ہونے والی معیاری کتابوں کو انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے،
جس میں بلڈھانہ کے معروف شاعر ریاض انور بلڈانوی کے طفلی نظموں کے مجموعہ “سمن زار” کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ “سمن زار” بچوں کے ادب پر مشتمل ایک خوبصورت شعری مجموعہ ہے جس میں معصوم جذبات، اخلاقی تربیت اور دلکش اندازِ بیان کے ذریعے بچوں کی ذہنی و اخلاقی نشوونما کی کوشش کی گئی ہے۔
اس مجموعہ کی شمولیت سے نہ صرف شاعر بلکہ ضلع بلڈھانہ کے ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اہلِ ادب اور علمی شخصیات نے ریاض انور بلڈھانوی کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ادب کو فروغ دینے میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ اعزاز آئندہ نسل کے لیے بھی ادبِ اطفال کی تخلیق کی جانب حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا۔
ریاض انور بلڈھانوی کا یہ اعزاز ضلع بلڈھانہ کے ادبی سرمایہ میں ایک اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔