کھام گاؤں ، ایک ویڈیو نے رخسانہ پروین کو کردیا راتوں رات سوشل میڈیا کی دنیا میں مشہور
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 05, 2026
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) ریاست مہاراشٹر میں خواتین کے لیے شروع کی گئی سرکاری اسکیم "لاڈلی بہین" کے وظیفہ سے متعلق ایک سادہ مگر پراثر آواز سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر وائرل ہو رہی ہے۔ کھام گاؤں کی رہنے والی رخسانہ پروین نے چند دن قبل ضلع بلڈھانہ کے کلکٹر آفس کے سامنے ہونے والے احتجاج کے موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کی تھی، جس کی ایک مختصر ویڈیو اب سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت مہاراشٹر کی جانب سے خواتین کے لیے شروع کی گئی لاڈلی بہین اسکیم کے تحت مستحق خواتین کو ہر ماہ پندرہ سو روپے بطور وظیفہ دیے جاتے ہیں۔
تاہم گزشتہ چار ماہ سے اس اسکیم کی قسط بند ہونے کے باعث متاثرہ خواتین میں بے چینی پائی جا رہی تھی۔ اسی مسئلے کو لے کر کھام گاؤں میں بہوجن ونچیت اگھاڑی کی جانب سے خواتین کا ایک بڑا مورچہ ضلع بلڈھانہ کے کلکٹر آفس تک لے جایا گیا، جہاں خواتین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ اسی احتجاج کے دوران کھام گاؤں کی رخسانہ پروین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہایت سادہ اور بے ساختہ انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ عام فہم زبان اور معصومانہ انداز میں کیے گئے ان کے الفاظ لوگوں کے دلوں کو چھو گئے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں “بھائی کے نام پیغام” دیا کہ لاڈلی بہنوں کی بند پڑی قسطیں جلد شروع کی جائیں۔ رخسانہ پروین کی یہی مختصر بائٹ اب مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ کئی یوٹیوبرز اور ریل بنانے والوں نے اس ویڈیو کو مختلف انداز میں پیش کرتے ہوئے ڈبنگ اور تخلیقی انداز میں ریلز تیار کی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان ریلز کو بنانے والوں میں خواتین، نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی شامل ہیں، جس کی وجہ سے یہ ویڈیو مزید مقبول ہوتی جا رہی ہے۔ ایک عام خاتون کی سادہ سی گفتگو نے انہیں گمنامی سے نکال کر سوشل میڈیا کی دنیا میں راتوں رات شہرت دلادی۔ آج صورتحال یہ ہے کہ یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر لوگ مزاحیہ اور تخلیقی انداز میں ویڈیوز بناتے ہوئے رخسانہ پروین سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنے “بھائی” سے کہہ کر لاڈلی بہین اسکیم کی باقی قسطیں بھی خواتین کے بینک کھاتوں میں جاری کروائیں۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس آندولن کے بعد لاڈلی بہین اسکیم کی ایک قسط جاری کر دی گئی، تاہم باقی قسطیں ابھی تک رکی ہوئی ہیں۔ اس دوران کھام گاؤں کی رخسانہ پروین نہ صرف سوشل میڈیا کا موضوعِ گفتگو بن گئی ہیں بلکہ ان کی ویڈیو نے کھام گاؤں کا نام بھی ریاست بھر میں نمایاں کر دیا ہے۔