برہانپور (الیاس احمد) اردو پرائمری اسکول موہد کے سینئر مدرس اور ہر دلعزیز شخصیت جناب الحاج اعجاز احمد راہی 28 سال کی طویل اور مثالی تعلیمی خدمات کے بعد سبکدوش (ریٹائر) ہو گئے۔
اس پروقار موقع پر گورنمنٹ مڈل اسکول موہد میں ایک پرُاثر الوداعی اور تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیمی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروقار تقریب اور اعزازات
پروگرام کی صدارت گاؤں کے سرپنچ رفیق خان تڑوی نے کی۔ اس موقع پر ہندی اور اردو اسکول کے تمام اسٹاف اور دیہاتیوں نے اعجاز راہی صاحب کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شال، شری پھل اور گراں قدر تحائف سے نوازا۔
ان کے شاگرد ڈاکٹر سمیر منصوری نے بھی اپنے استاد کو خصوصی تحفہ پیش کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
سرکردہ شخصیات کی شرکت
تقریب میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام بشمول وجئے تلسکر (ڈی پی سی)، محمد فہیم (ضلع مدرسہ اردو انچارج)، اور جن شکشک ہارون شیخ، رفیق شیخ، سنجے واگھ نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
"اعجاز راہی صاحب نے پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں جو خدمات انجام دیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی سادگی اور محنت اسکول کے عملے اور طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔"
اس موقع پر پربھاری پرنسپل رویندر پاٹل، لکھن سنگھ برنے، دنیش سنگھ بندیلے، سنجے برنے، محمد منصور، ظفر موسیٰ تڑوی، آتما رام سونونے، ماتا دین اہیروار، اور سید بہادر میر سمیت تمام اساتذہ نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گھریلو اور عوامی استقبال
اسکول کی تقریب کے بعد شام میں ان کی رہائش گاہ پر ماسٹر افتخار بخش، عقیل احمد، محمد آصف خان اور حافظ عبدالحمید خان نے جوڑا مٹھائی اور پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا شاندار استقبال کیا۔
بعد ازاں اقبال چوک میں ایڈوکیٹ یونس پٹیل، ریاض محمد، مشتاق نظامی، فضل الرحمن، شہاب الدین، شفیق الرحمن، شیخ ہارون اور الطاف احمد نے ان کا منہ میٹھا کرایا۔ اگلے روز کیلاش جیونت سر نے بھی ان کے گھر پہنچ کر شال و شری پھل سے ان کی عزت افزائی کی اور ان کی درازی عمر کی دعا کی۔
نظامت و اظہارِ تشکر
پروگرام کی نظامت سنجے سنگھ برنے نے بحسن و خوبی انجام دی، جبکہ آخر میں جناب اعجاز احمد راہی نے تمام مہمانوں، رفقائے کار اور اہل وطن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سب کی محبتوں کو اپنی زندگی کا اثاثہ قرار دیا۔


