لوَنار ’کوئز سیرتُ النبی 2026‘ کا پہلا ضلعی مرحلہ اختتام پذیر بلڈھانہ ضلع کے تقریباً 15 ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ، حیاتِ مبارکہ اور تعلیمات سے طلبہ کو واقف کرانے اور ان کے علمی ذخیرے میں اضافہ کرنے کے مقصد سے منعقد کی جانے والی ’5th Biggest Contest – کوئز سیرتُ النبی ۲۰۲۶‘ کے ضلعی سطح کے پہلے مرحلے کا امتحان آج 22 ستمبر 2026ء کو بلڈھانہ ضلع کے مختلف اسکولوں میں منعقد ہوا۔ اس مرحلے میں ضلع بھر سے تقریباً 15 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ یہ مقابلہ چھٹی تا بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کا امتحان اردو اور ہندی زبان میں OMR طریقۂ کار کے ذریعے اسکول سطح پر لیا گیا۔ امتحان کے ذریعے طلبہ میں سیرتُ النبی ﷺ کے مطالعے اور معلومات کے ساتھ ساتھ مطالعہ کا شوق، عمومی معلومات اور مسابقتی جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بڑی تعداد میں طلبہ کی شرکت کے باعث اس تعلیمی و معلوماتی مقابلے کو ضلع بھر میں نمایاں ردِعمل حاصل ہوا ہے۔ پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے اہل طلبہ کے لیے مقابلے کا دوسرا مرحلہ اکتوبر 2026ء میں لوَنار میں متوقع ہے۔ اسی موقع پر جلسۂ سیرتُ النبی ﷺ اور انعامات کی تقسیم کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ مقابلے میں کامیاب طلبہ کے لیے 6 عمرہ ٹورز کے علاوہ مختلف پرکشش انعامات، نقد انعامات اور تعریفی انعامات رکھے گئے ہیں۔ منتظمین کے مطابق دوسرے سے پانچویں مقام تک کامیاب ہونے والے طلبہ کے لیے بھی انعامات کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ کوئز ڈاکٹر ذاکر حسین ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، لوَنار اور جمعیت علماء ہند، لوَنار کے مشترکہ زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ منتظمین، صدر حاجی شیخ مسعود، جمعیت علماء کے صدر حاجی محمد رضوان جڈّا، ذاکر حسین ہائی اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر فیروز خان سمیت تمام ذمہ داران نے طلبہ، اساتذہ اور سرپرستوں سے اس تعلیمی و تربیتی سرگرمی کو کامیاب بنانے اور طلبہ کو بھرپور حوصلہ افزائی کے ساتھ شریک کرنے کی اپیل کی ہے۔