ساکھلی بزرگ کے صدر مدرس آر۔ آر۔ سید کی تعلیمی و انتظامی خدمات کا گرام سبھا نے کیا اعتراف گرام پنچایت کی عام سبھا میں متفقہ قرارداد منظور؛ اسکول کی ترقی، نظم و ضبط اور خوشگوار تعلیمی ماحول کے لیے خدمات کو سراہا گیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی میں اس کے سربراہ اور اساتذہ کی محنت، انتظامی صلاحیت اور طلبہ کے تئیں ذمہ دارانہ رویہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ایسی ہی قابلِ قدر تعلیمی و انتظامی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بلڈھانہ شہر سے قریب واقع ضلع پریشد مراٹھی ہائی اسکول، ساکھلی بزرگ کے صدر مدرس آر۔ آر۔ سید کی گرام پنچایت کی جانب سے باقاعدہ ستائش کی گئی ہے۔ ساکھلی بزرگ تعلقہ و ضلع بلڈھانہ گرام پنچایت کی جانب سے 20 اگست 2026 کو منعقدہ گرام سبھا میں صدر مدرس آر۔ آر۔ سید کی تعلیمی و انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں قرارداد نمبر 12 متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ گرام سبھا کے کارروائی رجسٹر میں درج قرارداد میں اسکول کی تعلیمی ترقی، صاف صفائی، نظم و ضبط، طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما اور مختلف تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا۔ قرارداد کے مطابق صدر مدرس آر۔ آر۔ سید کی قیادت میں اسکول میں صاف ستھرا اور خوشگوار تعلیمی ماحول قائم کرنے، تدریسی عمل کو باقاعدہ و مؤثر بنانے اور طلبہ کی تعلیمی و ہمہ جہت ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کی انتظامی نگرانی اور تعلیمی قیادت کے نتیجے میں اسکول میں مثبت ماحول پیدا ہونے پر گرام سبھا نے ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ گرام سبھا میں پیش کی گئی قرارداد میں صدر مدرس کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کی باقاعدہ ستائش کیے جانے کی تجویز پیش کی گئی، جسے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ قرارداد کے تجویز کنندہ نتین سنیل اُگلے جبکہ تائید کنندہ سچن ولاس راؤ دیشمکھ تھے۔ تعلیمی شعبے میں خدمات انجام دینے والے افراد کی اس طرح عوامی اور سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی نہ صرف متعلقہ شخص کی محنت کا اعتراف ہے بلکہ دیگر اساتذہ اور تعلیمی سربراہان کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے۔ اچھی کارکردگی، محنت اور تعلیمی خدمت کسی مذہب، ذات یا طبقے کی محتاج نہیں ہوتی؛ جو شخص اپنے فرائض کو اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیتا ہے، اس کی قدر و ستائش معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ گرام پنچایت ساکھلی بزرگ کی جانب سے منظور کی گئی مذکورہ قرارداد کی ایک کاپی ضلع پریشد بلڈھانہ کے متعلقہ اعلیٰ افسران کو بھی روانہ کرکے اس سرکاری سطح کے اعتراف سے آگاہ کیا گیا ہے۔ گرام سبھا کی جانب سے ایک تعلیمی سربراہ کی کارکردگی کا اس انداز میں اعتراف اس بات کی علامت ہے کہ جب سرکاری اسکولوں میں محنت، نظم و ضبط، بہتر انتظام اور طلبہ کی ترقی کو ترجیح دی جاتی ہے تو مقامی عوامی ادارے بھی ایسی کوششوں کو تسلیم کرتے اور سراہتے ہیں۔