مجلس العلماء تحریک اسلامی جالنہ کے زیرِ اہتمام علماء کرام کا خصوصی اجلاس
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 29, 2026
0
share
جالنہ؛ مجلس العلماء تحریک اسلامی جالنہ کی جانب سے 28 ستمبر بروز پیر صبح دس بجے دفتر جماعت اسلامی دکھی نگر قدیم جالنہ میں علماء، ائمہ اور حفاظ کرام کے لیے ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد موجودہ پُرفتن حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریوں پر غور و فکر، باہمی تعاون کو فروغ دینا اور مجلس العلماء کے تعارف و مقامی منصوبوں سے علماء کو واقف کرانا تھا۔ پروگرام کا آغاز حافظ تحسین عالم فیضی کی تذکیر بالقرآن سے ہوا، مولانا اعجازسراجی نے ہدیہ نعت پیش کیا جبکہ نظامت کے فرائض مولانا شعیب ندوی نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ افتتاحی کلمات عبد الوحید صاحب، امیرِ مقامی جماعت اسلامی جالنہ نے پیش کیے۔ اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرؤف ندوی، استاد مدرسہ عربیہ فیض العلوم چندن جھیرا و صدر مفکرِ اسلام حضرت مولانا علی میاں ندوی فاؤنڈیشن جالنہ نے ’’موجودہ پُرفتن حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے فکر انگیز گفتگو فرمائی۔ انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں علماء کرام کی ذمہ داریوں کی وضاحت کرتے ہوئے متعدد اہم علمی و فکری نکات پیش کیے اور علماء کی رہنمائی فرمائی۔ بعد ازاں عامر فہیم راہی، ناظمِ مقامی مجلس العلماء تحریک اسلامی نے مجلس العلماء کا تعارف، اس کے مقاصد اور آئندہ ششماہی مقامی منصوبہ پیش کیا۔ انہوں نے علماء کرام سے مقامی دینی و فکری سرگرمیوں میں تعاون کرنے اور مجلس العلماء کی سرگرمیوں میں شرکت و شمولیت کی اپیل کی۔ اجلاس کا اختتامی و کلیدی صدارتی خطاب مولانا نصیر احمد اصلاحی ناظم اعلی مجلس العلماء تحریک اسلامی مہاراشٹر نے فرمایا۔ ’’خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کر دے‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے علماء کرام کو دعوتِ فکروعمل دی اور مجلس العلماء کے حوالے سے نہایت قیمتی رہنمائی فرمائی۔ اپنے فکر انگیز خطاب میں انہوں نے متعدد علمی و فکری نکات پیش کیے اور علماء کرام کو اپنی ذمہ داریوں کے ادراک اور اجتماعی دینی جدوجہد کی طرف متوجہ کیا۔آخرمیں حافظ شبیر احمد صاحب کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مجلس العلماء کے ارکان مولانا زبیر ندوی حافظ تحسین عالم فیضی مولانا شعیب ندوی حافظ شبیر احمد حافظ غلام حقانی مولوی ذوالفقار علی مرزا اسلم فلاحی وغیرہ نے بھرپور محنت و جدوجہد کی، جبکہ جماعت اسلامی کے رفقاء نے بھی انتظامی امور میں قابلِ قدر تعاون پیش کیا۔ اجلاس مجموعی طور پر علماء کرام کے درمیان باہمی ربط، فکری ہم آہنگی اور دینی و اجتماعی ذمہ داریوں کے احساس کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔اس طرح کی اطلاع عامرفہیم راہی مقامی ناظم نے اپنی پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔