مالیگاؤں کی ہونہار طالبہ ڈاکٹر مصباح کی دہلی یونیورسٹی میں نمایاں کامیابی ایم ڈی ایس میں شاندار کارکردگی؛ مالیگاؤں کی پہلی مسلم خاتون پیڈوڈینٹسٹ بننے کا اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 29, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) یونیو رسٹی کالج آف میڈیکل سائنسز، دہلی سے ماسٹر آف ڈینٹل سرجری (MDS) کے فائنل امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے،
جس میں مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ ڈاکٹر مصباح نے شعبۂ Pedodontics (Pediatric Dentistry) میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مالیگاؤں کی پہلی مسلم خاتون پیڈوڈینٹسٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ڈاکٹر مصباح نے اپنی تعلیمی قابلیت، مسلسل محنت اور عزم و حوصلے کے ذریعے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا بلکہ مالیگاؤں کے تعلیمی حلقوں میں بھی اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔ شعبۂ پیڈوڈینٹکس میں ماہر ہونے کے باعث اب وہ بچوں کے دانتوں اور زبانی صحت سے متعلق امراض کے علاج و نگہداشت میں خصوصی خدمات انجام دے سکیں گی۔
ڈاکٹر مصباح کا تعلق مالیگاؤں کے ایک معزز اور علمی گھرانے سے ہے۔
ان کے والد سراج شیخ شعبۂ تدریس سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ صحافت کے میدان میں بھی سرگرم ہیں اور روزنامہ انقلاب، منصف ٹی وی انڈیا سمیت مختلف مراٹھی اخبارات سے وابستہ رہے ہیں۔
ڈاکٹر مصباح کی شادی محلہ قلعہ کی معروف شخصیت محمد یاسین لعل محمد کے خاندان میں ہوئی ہے۔
علمی، تعلیمی اور تربیتی ماحول نے ان کی شخصیت سازی اور تعلیمی سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر مصباح نے اپنی ابتدائی و ثانوی تعلیم انجمن اسلام جنجیرہ پرائمری و ہائی اسکول، مرود جنجیرہ سے حاصل کی، جبکہ بارہویں جماعت کی تعلیم جے اے ٹی اسکول و جونیئر کالج، مالیگاؤں سے مکمل کی۔
بارہویں میں عمدہ کارکردگی کے بعد انہوں نے NEET-UG میں کامیابی حاصل کی اور اورنگ آباد کے سرکاری ڈینٹل کالج سے BDS کی ڈگری مکمل کی۔
تعلیم کے اگلے مرحلے میں انہوں نے NEET-PG میں آل انڈیا سطح پر نمایاں رینک حاصل کیا اور دہلی کے سرکاری ڈینٹل ادارے میں ایم ڈی ایس کے لیے داخلہ حاصل کیا۔
وہاں مسلسل محنت اور بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے شعبۂ پیڈوڈینٹکس میں ایم ڈی ایس مکمل کیا۔
اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر مصباح نے اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا اور اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور شوہر کے تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی سفر میں محنت، مستقل مزاجی اور اپنے مقصد پر یقین انسان کو کامیابی کی منزل تک پہنچاتا ہے۔
ڈاکٹر مصباح کے اساتذہ کے مطابق وہ طالب علمی کے زمانے ہی سے ذہین، محنتی اور باصلاحیت رہی ہیں۔
ان کی یہ کامیابی نہ صرف مالیگاؤں بلکہ بالخصوص طالبات کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہے۔
ان کی تعلیمی جدوجہد اور کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم، محنت اور مسلسل کوشش کے ذریعے طلبہ و طالبات اعلیٰ ترین تعلیمی منازل طے کر سکتے ہیں۔