ضلع پریشد جلگاؤں کا ایک "مثالی اسکول اور مثالی بچے" ضلع پریشد اردو اسکول، رانجن گاؤں، تعلقہ چالیس گاؤں ضلع جلگاؤں از قلم: رضوان ربانی، 8983174977 معاون مدرس سردار ہائی اسکول، مالیگاؤں
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 03, 2026
0
share
چند روز قبل، رانجن گاؤں ضلع پریشد اردو اسکول کے بچوں کی دو تعلیمی ویڈیوز دیکھنے کا اتفاق ہوا، خوشی ہوئی، میں نے ویڈیوز بھیجنے والے شکیل سبحانی سر سے اجازت چاہی کہ کیوں نا اسے "ربانی دی اسکالر یو ٹیوب چینل" پر نشر کردیا جائے موصوف نے شکریہ کے کلمات ادا کرتے ہوئے یہ گزارش کی کہ بہتر ہوگا آپ اس اسکول کی وزٹ کریں۔
واٹس ایپ میسیج کے ذریعے ہوئی یہی گفتگو، رانجن گاؤں ضلع پریشد اردو اسکول پہنچنے کا سبب بنی، جب میں نے چھوٹے سے اک گاؤں میں پہنچ کر وہاں کے طلبا و طالبات کی تعلیمی کیفیت کا جائزہ لیا تو دل خوشیوں سے جھوم اٹھا، میرے تصور سے کہیں بڑھ کر یہاں کا تعلیمی نظام نظر آیا اردو ہی کیا؟ انگریزی کی ہی بات کیوں؟ مراٹھی تو مراٹھی الجبرا اور جیومیٹری جیسے مضامین میں بھی اس اسکول کے بچے کسی بھی پرائیویٹ اسکولوں کے طلبا سے کمتر نہیں ہیں۔
ان طلبہ کے اندر جو خود اعتمادی ہے، وہ اس بات کے اظہار کے لیے کافی ہے کہ ان کے اساتذہ نے بڑی محنت توجہ اور دیانت داری کے ساتھ انہیں علم سے آراستہ کرنے کی کوشش کی ہے میں اس بات کے اظہار میں کوئی مبالغہ نہیں سمجھتا کہ ضلع پریشد جلگاؤں کا یہ اردو اسکول صرف چالیس گاؤں تعلقہ کا ہی نہیں بلکہ پورے ضلع جلگاؤں کا ایک مثالی اردو اسکول ہے اور یہاں کے طلبہ بھی مثالی ہیں، اس اسکول کے اساتذہ شکیل سبحانی سر، مشتاق احمد شفیع سر اور یوسف اقبال سر، اسی طرح ان اساتذہ کے ذریعے اسکول میں اپوائنٹ کی گئیں محترمہ کریمہ باجی کو میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا کہ ان سب نے مل کر اردو اسکول رانجن گاؤں کے طلبہ کی تعلیمی ترقی کو قابل رشک بنایا ہے، شکیل سبحانی سر نے بتایا کہ کیندر پرمکھ ناصر خان سر اور اردو اسکول رانجن گاؤں کے سابق اساتذہ عثمان جناب، لئیقہ میڈم، نوید سر، شبیر سر، خضر سر وغیرہ کی خدمات کو ہم نے آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں محترم قارئین! نپون بھارت اور نپون مہاراشٹر کے لیے راجیہ اور کیندر سرکاریں، پانی کی طرح روپیہ بہا رہی ہیں، جس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی ترقی ہے، جلگاؤں ضلع کی سی او میڈم محترمہ"مینل کرنوال" نے اس تعلق سے پورے جلگاؤں ضلع میں زبردست بیداری پیدا کی ہے، جس کے تحت چالیس گاؤں تعلقہ کے گٹ شکشن ادھیکاریَ شری ولاس بھوئی صاحب کی قیادت میں تعلقہ کی اسکولوں میں بہتر کام ہورہا ہے، میں سمجھتا ہوں، ضلع پریشد اردو اسکول رانجن گاؤں کے طلبہ کی یہ تعلیمی ترقی سی او میڈم صاحبہ کی کوششوں کا ہی ایک اہم حصہ ہے کہ ان کی رہنمائی میں اساتذہ محنت کر رہے ہیں اور ضلع پریشد جلگاؤں کا ایک اردو اسکول ایسا ہے، جہاں کے بچوں کی تعلیمی ترقی کو بڑی شان کے ساتھ پورے مہاراشٹر میں پیش کیا جاسکتا ہے میں نے جو تاثرات پیش کیے ہیں، اس کی تصدیق کے لیے آپ "ربانی د اسکالر یوٹیوب چینل" پر یکے بعد دیگرے آنے والی ویڈیو کلپس کو آپ دیکھیں اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنے کمنٹس بھی درج کریں مجھے یقین ہے کہ آپ بھی اسے غیر معمولی اور مثالی کاوش قرار دیں گے-