سونالہ ، عبداللہ خان سر کا پُرجوش استقبال کیندر پرمُکھ امتحان میں کیا ضلع میں اوّل مقام حاصل
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانوی اسکول سونالہ، تعلقہ سنگرام پور میں 14 مارچ 2026 کو ایک باوقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی، جس میں تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے اساتذہ کی ستائش کی گئی۔
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے کیندر پرمُکھ کے عہدہ پر تقرری کے لیے منعقدہ مقابلہ جاتی امتحان میں ضلع بلڈھانہ کے اردو میڈیم اساتذہ میں 149 نمبرات کے ساتھ ضلع میں اوّل مقام حاصل کرنے والے مدرسہ ہٰذا کے صدر مدرس و مضمون معلّم عبداللہ خان سرفراز خان کا اسکول کے اساتذہ کی جانب سے نہایت پُرجوش استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر انہیں شال پیش کر کے مبارکباد دی گئی اور ان کی اس شاندار کامیابی کو اردو میڈیم تعلیمی حلقوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا گیا۔
اسی طرح بھارت سرکار کی جانب سے منعقدہ CTET امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے اسکول کے اساتذہ غلام فرید ، خالد علی اور عمران احمد کا بھی صدر مدرس کی جانب سے شال پیش کر کے استقبال کیا گیا اور ان کی محنت کو سراہا گیا۔
مزید برآں مہاراشٹر حکومت کے زیرِ اہتمام منعقدہ MAHA TET امتحان میں اسکول کے معاون معلّم محمد فہیم الدّین نے پرچہ دوم (سماجی علوم) میں نمایاں کامیابی حاصل کی، جس پر انہیں بھی مبارکباد پیش کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مدرس عبداللہ خان نے طلبہ کو محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں طلبہ کو صبر و شکر کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ کامیابی پر غرور نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور ہر حال میں صبر کو اختیار کرنا چاہیے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں اسکول کے تمام اساتذہ اور طلبہ موجود تھے۔