شیگاؤں ، نو سالہ بچی کا قابلِ تحسین عزم ، رمضان کے تمام روزے مکمل
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 22, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)ماہِ مقدس رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر ایک نہایت خوش آئند اور قابلِ تقلید مثال سامنے آئی ہے، جہاں آزاد نگر، شیگاؤں کی ساکن نو سالہ بے بی مہرین خانم نے غیر معمولی عزم، شوق اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے تمام روزے مکمل کر لیے۔
کم عمری کے باوجود مہرین خانم نے جس جذبۂ ایمانی، صبر اور پابندی کے ساتھ روزوں کا اہتمام کیا، وہ یقیناً لائقِ تحسین ہے۔ ان کی اس کامیابی پر نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ اہلِ محلہ اور جاننے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور ہر طرف سے انہیں مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔
بے بی مہرین خانم معروف شاعر و معلم انیس شوق کی صاحبزادی ہیں۔ ان کی اس کامیابی میں والدین، خصوصاً والدہ کی بہترین تربیت اور رہنمائی کا اہم کردار رہا ہے، جس کے باعث کم سنی میں ہی انہوں نے دینی شعائر سے گہری وابستگی کا عملی ثبوت پیش کیا۔
واضح رہے کہ اس عمر میں مکمل روزے رکھنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے، تاہم مہرین خانم نے ہمت، حوصلے اور مستقل مزاجی کے ساتھ اس ذمہ داری کو بخوبی نبھایا، جو ان کے مضبوط ارادے اور اعلیٰ تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔
اہلِ علاقہ نے مہرین خانم کی اس کامیابی کو نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے واقعات بچوں میں دینی شعور اور نیکی کی ترغیب کو فروغ دیں گے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مہرین خانم کو دین و دنیا میں کامیاب فرمائے، ان کے اس عمل کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور انہیں آئندہ بھی نیکی کے راستے پر گامزن رکھے۔(آمین)