مالیگاؤں میں جدید کارڈیالوجی سہولت کا آغاز، ڈاکٹر سلمان ہارٹ کیئر کلینک کا شاندار افتتاح
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 24, 2026
0
share
مالیگاؤں (نامہ نگار) شہر مالیگاؤں میں دل کے امراض کے علاج کے لیے ایک اہم اور جدید سہولت کا اضافہ ہو گیا ہے۔ سہارا ہاسپٹل، اولڈ آگرہ روڈ پر ڈاکٹر سلمان ہارٹ کیئر سپر اسپیشلٹی کلینک کا افتتاح پیر 23 مارچ 2026 کو نمازِ عصر کے بعد عمل میں آیا۔
تقریبِ افتتاح میں شہر کی معروف دینی و سماجی شخصیات سمیت معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کی دعا مولانا مفتی محمد حسنین نعمانی صاحب نے کروائی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد حسنین نعمانی نے کہا کہ مالیگاؤں میں اس نوعیت کی سہولت کا قیام ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل کے مریضوں کو بروقت علاج کی شدید ضرورت ہوتی ہے،
ایسے میں دور دراز شہروں کا سفر اکثر مشکل ہو جاتا ہے، مگر اب یہ سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہوگی۔ انہوں نے ڈاکٹر سلمان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے شہر کی خدمت کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔
کلینک کے بانی ڈاکٹر سلمان احمد، جو کہ کنسلٹنٹ انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ہیں، نے اس موقع پر بتایا کہ ان کا مقصد مالیگاؤں کے مریضوں کو جدید ترین کارڈیالوجی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ٹائم اِز ہارٹ”، یعنی بروقت علاج نہ ملنے سے دل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے،
اس لیے کلینک میں 24 گھنٹے خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اینجیو گرافی، پیچیدہ اینجیوپلاسٹی، پیس میکر امپلانٹیشن اور دیگر جدید طریقہ علاج اب مالیگاؤں میں ہی دستیاب ہوں گے۔
سہارا ہاسپٹل کے چیئرمین عبد اللطیف محمد انور اور کارپوریٹر محمد سلیم محمد انور ،اور مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے بھی اس تقریب میں نہ صرف شرکت کی ۔بلکہ اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اُمید کی کے مریضوں کو یہاں سے سہولت فراہم کی جائے گی ۔ دیگر معززین نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
محمد سلیم انور نے کہا کہ یہ کلینک نہ صرف مالیگاؤں بلکہ پورے ضلع ناسک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور مستقبل میں یہاں مزید طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تقریب میں حاجی شفیق احمد، صوفی مشتاق احمد سمیت شہر کی معزز شخصیات، ڈاکٹرز اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔