(انقلاب) سعودی عربیہ کی عدالت عظمیٰ نے باضابطہ طور پر ۱۸؍ مارچ کو چاند نہ ہونے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد کل ۱۹؍ مارچ کو ۳۰؍ واں روزہ رکھا جائے گا۔
سعودی عرب کی عدالت عظمیٰ نے باضابطہ طور پر آج شام کو شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی، آج ۱۸؍ مارچ کو سعودی عرب میں رمضان کا۲۹؍واں روزہ ہے،
تاہم آج شام کو چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کے بعد کل ۳۰؍ واں روزہ رکھا جائے گا ، جبکہ عید جمعہ کو ہوگی۔ خلیجی ممالک میں عید کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق جمعرات۱۹؍ مارچ سے پیر تک تعطیل ہوگی اور سرکاری کام منگل۲۴؍ مارچ،۲۰۲۶ء کو دوبارہ شروع ہوگا۔
عمان نے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی تعطیل کا باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری اعلان کے مطابق،۱۹؍ سے ۲۳؍ مارچ۲۰۲۶ء تک تعطیل طے کی گئی ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ تعطیل کی مدت ختم ہونے کے بعد۲۴؍ مارچ کو کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
دریں اثناء فلکیاتی تخمینوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس سال زیادہ تر ممالک میں رمضان کے۳۰؍ دن مکمل ہونے کی امید ہے، جس کی وجہ سے عید الفطر۲۰؍ مارچ بروز جمعہ کو ہوگی جو چاند دیکھنے کے سرکاری اعلان سے مشروط ہے۔ مرکز فلکیات کے مطابق جن ممالک نے بدھ۱۸؍ فروری کو پہلا روزہ رکھا تھا، ان ممالک میں بدھ۱۸؍ مارچ کو رویت ہوگی جب کہ جمعرات۱۹؍ فروری کو جن ممالک میں پہلا روزہ تھا، وہاں جمعرات۱۹؍ مارچ کو چاند کی تلاش کی جائے گی۔
مرکز نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ممالک بدھ۱۸؍ مارچ کو چاند دیکھیں گے، وہاں رویت نا ممکن ہے کیونکہ اس دن چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا اور اجتماعِ شمس (conjunction) سورج ڈھلنے کے بعد ہوگا۔
لہٰذا ان ممالک میں رمضان کے ۳۰؍روزے مکمل ہونے اور جمعہ۲۰؍ مارچ کو عید الفطر ہونے کا قوی امکان ہے۔جبکہ ان ممالک کے حوالے سے جو جمعرات۱۹؍ مارچ کو چاند تلاش کریں گے، مرکز کا کہنا ہے کہ دنیا کے مشرقی حصوں سے چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ اگر ہندوستان میں جمعرات۱۹؍ مارچ کی شام کو چاند نظر آتا ہے تو عید الفطر جمعہ۲۰؍ مارچ کو منائی جائے گی، جو سعودی عرب کے مطابق ہوگی۔
اگر جمعرات کو چاند نظر نہیں آتا تو رمضان کے۳۰؍ روزے جمعہ۲۰؍ مارچ کو مکمل ہوں گے اور عید الفطر ہفتہ۲۱؍ مارچ۲۰۲۶ء کو منائی جائے گی۔