لوَنار ، ’’رمضان تعارف و افطار پروگرام" جوش و خروش سے منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 07, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) لوَنار کی محمدی مسجد میں 6 مارچ 2026 کو شام 6 بجے سے 8 بجے تک جمعیت علمائے ہند لوَنار کی جانب سے ’’رمضان تعارف و افطار پروگرام‘‘ کا اہتمام کیا گیا جو نہایت خوشگوار اور بھائی چارے کے ماحول میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر شہر کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنان، سیاسی ذمہ داران، اساتذہ، وکلا، ڈاکٹرس، تاجر اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
پروگرام کے آغاز میں اجتماعی افطار کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد نماز ادا کی گئی جس کا مشاہدہ کئی غیر مسلم شرکاء نے پہلی مرتبہ کیا۔ بعد ازاں معروف محقق پروفیسر سید سلمان (پوسد) نے خطاب کرتے ہوئے بھگوت گیتا اور دیگر مذہبی صحائف کی روشنی میں انسانیت، اخوت اور باہمی احترام کا پیغام اجاگر کیا اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو سادہ انداز میں بیان کیا۔
اس موقع پر مسجد کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور مسجد کے ذریعے انجام دی جانے والی سماجی و فلاحی سرگرمیوں سے حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔ مہمانوں کو قرآن مجید کے مراٹھی ترجمے سمیت چند اسلامی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں۔
تقریب میں شیوسینا ضلع صدر پروفیسر بڑی رام ماپاری اور پروفیسر گجانن کھرات سمیت دیگر معززین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایسے بین المذاہب پروگراموں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ آخر میں جمعیت علمائے ہند کے تعلقہ صدر ایڈوکیٹ حاجی رضوان جڈّا نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔