ملکاپور ، نگر پریشد کی جانب سے سید اصغر عرشیؔ سر کا پرتپاک استقبال
Author -
personحاجی شاھد انجم
مارچ 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع بلڈھانہ کے نگر پریشد ملکاپور کی جانب سے غلام یسین خان جمعدار نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 2 کے صدر مدرس
اور انچارج پرشاسن ادھیکاری جناب سید اصغر عرشیؔ سر کی سبکدوشی کے موقع پر 6 مارچ 2026 کو ایک باوقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں نگر پریشد کے عہدیداران، کونسلرز ، اساتذہ اور عملہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کی صدارت صدر بلدیہ عتیق الرحمٰن جواری والے نے کی، جبکہ نائب صدر انل گاندھی، شکشن سبھا پتی اشانت بھائی وانکھیڑے، چیف آفیسر سنجے کیدار اور ڈپٹی چیف آفیسر وٹھل بھساری سمیت متعدد کونسلرز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صدر بلدیہ عتیق الرحمٰن اور اشانت بھائی وانکھیڑے نے سید اصغر عرشیؔ سر کو شال اور گلدستہ پیش کر کے ان کی طویل اور مخلصانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے انہیں ایک دیانت دار، اصول پسند اور باصلاحیت معلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تعلیم اور انتظامی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ سید اصغر عرشیؔ سر اساتذہ کی تنظیمی سرگرمیوں میں بھی فعال رہے ہیں۔ وہ 1998 سے 2016 تک مہاراشٹر راجیہ شکشک سنگھٹنا ملکاپور کے صدر رہے اور فی الحال نگر پریشد اردو ٹیچرس یونین ملکاپور کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آخر میں سید اصغر عرشیؔ سر نے تمام مہمانوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت ملند کنڈارکر نے انجام دی جبکہ پرشانت دیشمکھ نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔