کھام گاؤں ، ٹیپو سلطانؒ جینتی کے موقع پر ضرورت مندوں میں کمبل تقسیم اے آئی ایم آئی ایم کی جانب سے مسلسل 11ویں سال فلاحی سرگرمی، تقریباً 100 مستحق خاندانوں کو کمبلوں کی تقسیم کھام گاؤں (واثق نوید کی رپورٹ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 22, 2026
0
share
شہیدِ وطن ٹیپو سلطانؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کھام گاؤں کی جانب سے پھاٹک پورہ اور مستان چوک سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ضرورت مندوں، غریبوں، یتیموں اور مستحق افراد میں کمبل تقسیم کیے گئے۔ یہ فلاحی سرگرمی گزشتہ 11 برسوں سے مسلسل انجام دی جا رہی ہے۔ ملی جانکاری کے مطابق اے آئی ایم آئی ایم کے شہر صدر ، سابق میونسپل کونسلر محمد عارف پہلوان کی قیادت میں 20 نومبر 2026 کو شہیدِ وطن ٹیپو سلطانؒ کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے تقریباً 100 مستحق خاندانوں میں کمبل تقسیم کیے گئے۔ سردی کے بڑھتے ہوئے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فلاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، تاکہ معاشرے کے غریب، یتیم اور ضرورت مند افراد کو راحت پہنچائی جا سکے۔ اس موقع پر نہ صرف غریب اور مستحق خاندانوں بلکہ علاقے میں رہنے والے یتیم بچوں کی بھی نشاندہی کرکے انہیں کمبل فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر عارف پہلوان نے شہیدِ وطن ٹیپو سلطانؒ کی زندگی اور ان کی بے مثال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے نقشِ قدم پر چلنے اور ان کی عظیم جدوجہد کو یاد رکھنے کی اپیل کی۔ اس فلاحی پروگرام میں سعید مرزا، انیس خان، نظر ٹھیکیدار، ناصر خان، سمیت اے آئی ایم آئی ایم کے عہدیداران، کارکنان اور مستان چوک کے معزز شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔